تحریک منہاج القرآن کے تحت باغ قائد میں عالمی میلاد مصطفیٰ کانفرنس

0

کراچی (اسٹاف رپورٹر)تحریک منہاج القرآن انٹر نیشنل سپریم کونسل کے تحت اتوار کو عالمی میلاد مصطفی کانفرنس باغ قائد کراچی میں ہوئی ۔کانفرنس میں ہزاروں مردو خواتین نے شرکت کی اور تقریب کے دوران فضا درود و سلام سے گونجتی رہی۔اس موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات،پولیس، رینجرز اور یوتھ کے نوجوان الرٹ رہے۔تحریک منہاج القرآن کی میلاد کانفرنس باغ قائد میں خواتین کی سیکورٹی کیلئے لیڈی پولیس اور ایم ایس ایم سسٹرز موجود تھیں۔ اس موقع پر کونسل کے صدر ڈاکٹر صاحبزادہ حسن محی الدین القادری نے کہا کہ تاجدار کائنات حضرت محمدؐ رحمت العالمین خاتم النبین اور پیغمبر امن بن کر تشریف لائے۔ اسلام نے حقوق اللہ کے بعد حقوق العباد کی ادائیگی پر زیادہ زور دیا ہے ۔ محمدؐ کا غلام و امتی کبھی دہشت گرد ،انتہا پسند نہیں ہو سکتا۔ انسانی جان کی حفاظت ہم سب پر فرض ہے۔اسلام کو دہشت گردی اور انتہا پسندی کے ساتھ جوڑنا تعصب اور بددیانتی ہے۔ اسلام نے نا حق فساد پھیلانے وقتل عام کی ممانعت کی ہے۔ عوامی و قومی املاک کو نقصان پہنچانا اور انسانیت کو تکلیف دینا نبیؐ کی تعلیمات نہیں۔ شان رسالتؐ میں گستاخی کائنات کا سب سے بڑا گناہ ہے۔ ایسا کرنے والے ملعون کا ٹھکانہ جہنم ہے ۔مسلم ممالک سودی نظام کا خاتمہ کریں ۔کشمیر، فلسطین، میانمار اور افغانستان میں انسانی حقوق کی مسلسل پامالی ہو رہی ہے ۔ اقتدار اللہ کی امانت ہے ۔حکمران اپنی ذمہ داریوں کا احساس کریں ۔رعایا کے بارے میں سوال ہو گا اور اللہ کی پکڑ بڑی سخت ہے ۔لوگ انصاف کیلئے مارے مارے پھر رہے ہیں۔ کراچی ،غلامان مصطفیؐ،عاشقان رسول کا شہر ہے،جن کا محور و مرکز اللہ اور اسکے رسول کی ذات ہے۔ کانفرنس میں بہت بڑی تعداد میں خواتین نے شرکت کی۔کانفرنس میں پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر قاضی زاہد حسین، تحریک منہاج القرآن کے صدر علامہ نعیم انصاری ،ناظم تحریک مرزا جنید علی،خانہ فرہنگ ایران،مجلس وحدت المسلمین کے نمائندوں کے علاوہ علما ، مشائخ اور سیاسی ،مذہبی جماعتوں کےرہنما بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More