ریمبو سینٹر کے اطراف 122 دکانیں – بس ٹرمینل بھی مسمار

0

کراچی(اسٹاف رپورٹر)انسداد تجاوزات عملے نے رینبو سینٹر کے اطراف اور صدر کے دیگر علاقوں میں کارروائیوں کے دوران 122 دکانیں، گھر اور بس ٹرمینل مسمار کردیا، آج لائٹ ہاؤس اور آرام باغ میں انہدامی کارروائیاں کی جائیں گی۔ اتوار کے روز انسداد تجاوزات عملے نے صدر، ایمپریس مارکیٹ، بمبینو سینما اور انٹر سٹی بس اسٹینڈ کے قریب کارروائیاں کرکے 122دکانیں مسمار کردیں، مذکورہ دکانیں نالے کے اوپر قائم تھیں، اسی طرح ریمبو سینٹر کے اطراف قائم غیر قانونی بس اسٹینڈ کے دفاتر بھی مسمار کردیئے گئے ہیں، جن کی تعداد 15سے زائد ہے، آپریشن کے دوران ایک دکان میں اچانک آگ بھڑک اٹھی،جس پر فوری طورپر قابو پالیا گیا۔معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ اراضی کنٹونمنٹ بورڈ کی ہے، جس نے دکان داروں کوپہلے ہی آگاہ کردیا تھا، انتباہی نوٹس کے باوجود قبضہ مافیا نے دکانیں خالی نہیں کیں،جس پر اتوار کے روز اینٹی انکروچمنٹ، ڈی ایم سی جنوبی،کنٹونمنٹ بورڈ، رینجرز اورپولیس سمیت دیگر اداروں نے صدر کے کئی علاقوں میں کارروائیاں کرکے غیر قانونی دکانیں، گھر اور دفاتر مسمار کئے۔ اس حوالے سے میئر کراچی کا کہنا تھا کہ انٹر سٹی بس ٹرمینل کے نام پر جو 100 سے زائد غیر قانونی دکانیں اور تجاوزات قائم کی گئی تھیں، انہیں ہٹا دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کنٹونمنٹ اور سرکاری اراضی پرقابض مافیا خود تو لاکھوں روپے کمارہے ہیں،لیکن عوام کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم کراچی کو واپس اسکی اصل شکل میں لائیں گے۔ امت کو ڈائریکٹر انکروچمنٹ بشیر صدیقی نے بتایا کہ مذکورہ دکانیں اور دفاتر کنٹونمنٹ کی اراضی پرقائم تھیں، جنہیں مسمار کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دکانداروں کو پہلے ہی آگاہ کردیا گیا تھا لیکن انہوں نے پھر بھی قبضہ خالی نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ آپریشن میں 122دکانیں اور درجنوں دفاترسمیت گھر بھی مسمار کئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آج بھی آپریشن جاری رہے گا اور آج انسداد تجاوزات عملہ لائٹ ہاؤس اور آرام باغ کا رخ کرے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More