معمولی ہدف عبور کرنا پاکستانی بیٹسمین کیلئے چیلنج

0

امت رپورٹ
کرکٹ کی معروف ویب سائٹ کرک انفو کے تبصرہ نگاروں کے بقول کیوی ٹیم کی جانب سے جیت کیلئے دیئے گئے معمولی ہدف کو عبور کرنا بھی پاکستانی بیٹسمین کیلئے چیلنج ہوگا۔ ماہرین نے بالرز کیلئے سازگار پچ پر آج کا پہلا سیشن قومی بلے بازوں کیلئے انتہائی اہم قرار دیا ہے۔ دوسری جانب پاکستانی بالرز کی تباہ کن بالنگ نے نیوزی لینڈ کی ایک نہ چلنے دی۔ جس کے سبب پاکستان کو اب کیویز کیخلاف جیت کیلئے صرف 139 رنز درکار ہیں۔ ادھر سابق کپتان اور کمنٹیٹر رمیز راجہ نے میچ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی جیت کے امکان 60 فیصد ہیں، لیکن مزید کچھ کہنا قبل ازوقت ہوگا۔ ابوظہبی کی بالرز سپورٹڈ وکٹ پر اسکور کرنا آسان نہیں۔ یہ اچھی بات ہے کہ پاکستان نے کیویز کو ٹارگٹ کیلئے 200 کا ہندسہ عبور کرنے سے باز رکھا۔ لیکن اس کے باوجود کھیل میں ڈرامائی تبدیلی کی توقع کی جارہی ہے۔ کیونکہ پہلے سیشن میں پچ نم ہوگی، جس سے نئی گیند سے بھی بالر ٹرن یا ریورس سوئنگ باآسانی کرسکتا ہے۔ رمیز راجہ نے مزید کہا ہے کہ کیوی اسپنر اعجاز پٹیل اور فاسٹ بالر ٹرینٹ بولٹ کا سامنا کرنا پاکستانی بیٹسمینوں کیلئے آسان نہیں ہوگا۔ جیت کیلئے بلے بازوں کو محتاط انداز میں بیٹنگ کرنا ہوگی۔ کرک انفو کے مطابق ابو ظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ کے تیسرے روز نیوزی لینڈ نے 56 رنز ایک کھلاڑی کے نقصان پر اپنی دوسری اننگز کا آغاز کیا تو 86 کے مجموعی اسکور پر کپتان کین ولیمسن یاسر شاہ کی شاندار لیگ بریک پر بولڈ ہوگئے۔ اس کے بعد کریز پر نئے آنے والے تجربہ کار کھلاڑی روس ٹیلر 19 رنز بنانے کے بعد 105 کے مجموعی اسکور پر حسن علی کا شکار بنے۔ اس کے فوری بعد 108 رنز کے مجموعی اسکور پر حسن علی نے اسی اوور میں جیت راول کی اننگز کا بھی خاتمہ کردیا، جنہوں نے 46 رنز بنائے۔ 108 رنز پر 4 وکٹیں گنوانے کے بعد کیوی بیٹسمین ہینری نیکولس اور بی جے واٹلنگ نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چائے کے وقفے تک ٹیم کا اسکور 200 رنز تک پہنچا دیا۔ جبکہ یاسر شاہ نے 220 کے مجموعے پر نیکولس کو کپتان سرفراز احمد کے ہاتھوں اسٹمپ کروا دیا۔ نیکولس نے 55 رنز بنائے تھے۔ گرینڈ ہوم آئوٹ ہونے والے چھٹے بلے باز تھے، جو صرف 3 رنز کا اضافہ کر پائے۔ 227 کے اسکور پر یاسر شاہ نے پہلے واٹلنگ کو آئوٹ کیا، جس کے بعد ویگنر کو صفر پر آئوٹ کر کے کیوی ٹیم کو یکے بعد دیگرے 2 وکٹوں کے نقصان سے دوچار کردیا۔ بی جے واٹلنگ نیوزی لینڈ کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز تھے، جو 59 رنز کی اننگز کھیل کر آئوٹ ہوئے۔ سودھی نے 18 رنز بنا کر کچھ مزاحمت کی کوشش کی، لیکن حسن علی نے انہیں وکٹ پر مزید ٹھہرنے کی مہلت نہ دی۔ جس کے بعد 249 کے ہی اسکور پر ٹرینٹ بولٹ بھی حسن علی کی وکٹ بن گئے۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم یاسر شاہ اور حسن علی کے سامنے بے بس نظر آئی اور 249 کے مجموعے پر پویلین لوٹ کر صرف 175 رنز کی برتری حاصل کرسکی۔ یاسر شاہ اور حسن علی نے 5،5 وکٹیں حاصل کر کے اپنی ٹیم کو جیت کے لیے ایک آسان ہدف ممکن بنایا۔ یوں نیوزی لینڈ کی ٹیم سیریز کے پہلے ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں 249 رنز بنا کر آئوٹ ہوئی اور پاکستان کو جیت کیلئے 176 رنز کا ہدف دے دیا۔ پاکستان نے تیسرے دن کے کھیل کے آخری سیشن میں اپنی دوسری اننگ کا آغاز پر اعتماد انداز میں کیا۔ امام الحق آتے ہی چار چوکے داغ کر حریف بالرز پر حاوی ہونے پر کامیاب ہوگئے۔ تیسرے دن کے کھیل کے اختتام پر پاکستانی ٹیم نے بغیر کسی نقصان کے 37 رنز بنالئے ہیں۔ یوں جیت کیلئے گرین کیپس کو مزید 139 رنز درکار ہیں۔ امام الحق 25 رنز اور محمد حفیظ 8 رنز کے ساتھ کیریز پر موجود ہیں۔ اس سے قبل ہفتے کے روز پاکستانی بلے بازوں کی غیر ذمہ دارانہ بیٹنگ کے سبب پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں بھاری برتری کا نادر موقع گنوا دیا تھا اور نیوزی لینڈ نے میچ میں شاندار انداز میں واپسی کرتے ہوئے اپنی پوزیشن مستحکم کر لی تھی۔ پاکستانی ٹیم نیوزی لینڈ کی پہلی اننگز کے 153 رنز کے اسکور کے مقابلے میں صرف 227 رنز ہی بنانے میں کامیاب ہوئی تھی اور صرف 74 رنز کی برتری ہی حاصل کر پائی تھی۔ ٭

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More