فلسطینی صحافیوں کیساتھ یکجہتی کیلئے پی ایف یو جے کے ملک گیر مظاہرے
کراچی (اسٹاف رپورٹر) فلسطین میں انٹرنیشنل فیڈریشن آف جرنلسٹس کے پر امن مظاہرے پر اسرائیلی جارحیت، ملکی وعالمی سطح پر صحافیوں کے مسائل اور آزادی اظہار صحافت کیلئے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے تحت ملک بھر میں مظاہرے کئے گئے ۔ پی ایف یوجے اور دیگر صحافی تنظیموں نے کہا ہے کہ ہم فلسطین میں آئی ایف جے کے پر امن مظاہرے پر اسرائیلی فورسز کے حملے کی شدید مذمت اور اقوام متحدہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اسرائیلی جارحیت کانوٹس لیکر اس کی تحقیقات کرائے۔ مظاہرین نے مختلف میڈیا گروپس میں کارکنوں کی چھانٹیوں اور سعودی صحافی جمال خشوگی کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے صحافیوں کے حقوق اور جان کے تحفظ کا مطالبہ کیا۔ پی ایف یوجے کی اپیل پر کراچی ،حیدرآباد ،سکھر ،لاہور ،پشاور ،اسلام آباد،ابیٹ آباد ،کوئٹہ،مظفر آباد ،گلگت اور دیگر شہروں میں مظاہرے کئے گئے ۔ان مظاہروں میں پی ایف یوجے، کے یوجے، پریس کلبز اور صحافیوں کی دیگر تنظیموں کے عہدیداروں نے شرکت کی۔ تمام تنظیموں نے مشترکہ طور پرقرار دیا کہ آزادی اظہار رائے پر کوئی قدغن برداشت نہیں کی جائے گی ۔حکومت صحافیوں کے مسائل کو فوری حل کرے، میڈیا ہاؤسز کے واجبات فوری جاری کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر صحافیوں کے مسائل کو حل نہ کیا گیا تو تمام صحافتی تنظیمیں ملک بھر میں احتجاج کی کال دیں گی۔ صحافی تنظیموں نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ خژوگی قتل کی تحقیقات اور بیرونی ممالک میں صحافیوں کے تحفظ کیلئے بھی فوری اقدام کریں۔ صحافی تنظیموں نے کراچی پریس کلب میں سادہ لباس سرکاری اہلکاروں کے داخلے اور سینئر صحافی حسین نقی کے ساتھ ناروا سلوک کے واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کی ۔کراچی کے مظاہرے میں پی ایف یوجے کے جنرل سیکریٹری جی ایم جمالی، پی ایف یوجے (دستور) کے جنرل سیکریٹری سہیل افضل، کے یوجے کے صدر حسن عباس، سیکریٹری عاجز جمالی، کراچی پریس کلب کے صدر احمد ملک، سیکریٹری مقصود یوسفی، کے یوجے (دستور) کے صدر طارق ابوالحسن ،کے یوجے کے صدر فہیم صدیقی ،سینئر صحافی اے ایچ خانزادہ، امتیاز فاران خان ،سراج احمد ،عامر لطیف اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔اس عز م کا اظہار کیا کہ ہم مل کر صحافیوں کے مسائل کے حل کیلیے اپنی کوششوں کو جاری رکھیں گے ۔