لیاری والوں نے ووٹ کے ذریعے پی پی سے انتقام لیا-حبیب جان
کراچی(اسٹاف رپورٹر) کراچی سٹی الائنس کے کنوینئر اور پیپلزپارٹی کے باغی رہنما حبیب جان نے کہا ہے کہ لیاری کے عوام نے ووٹ کے ذریعے پیپلز پارٹی سے انتقام لیاہے ۔پی پی زرداری گروپ کے چیئرمین بلاول نے شکست کا بدلہ لیاری والوں سے لینے کا سوچا، تو یہ جنگ لاڑکانہ تک جائے گی۔عمران خان کمیشن بناکر30برسوں سے کراچی میں ہونے والی قتل و غارت کے حوالے سے حقائق عوام کے سامنے لائیں۔ عزیر بلوچ کی رہائی کے لئے قانونی راستہ اختیار کریں گے۔نبیل گبول ماضی میں گینگ وار کا حصہ رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کلب میں پریس کانفرنس میں کیا۔اس موقع پر سردار خان بلوچ بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ پورے ملک میں پرامن انتخابات ہوئے۔لیاری کے عوام نے بلاول، صنم اور آصفہ کارڈ کومسترد کردیا۔بلاول بھٹو کے پاس اب بھی موقع ہے کہ لیاری کے عوام سے معافی مانگیں اور ان کی خدمت کرکے اگلے انتخابات میں پیپلزپارٹی کے مینڈیٹ کو لیاری میں مضبوط کریں انہوں نے تمام بینکوں اور ملٹی نیشنل اداروں سے اپیل کی کہ لیاری میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔اس سے علاقے میں بے روزگاری میں کامیابی پانے میں مدد ملے گی۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ لیاری کے مقتولین کے ورثا کو ہاؤسنگ اسکیم کے تحت مکان یا فلیٹ دئیے جائیں۔انہوں نے کہا کہ اگلے 3 ماہ میں اپنی پارٹی کو رجسٹرڈ کریں گے۔ایک سوال پر انہوں نے بتایا کہ فرینڈ آف لیاری تنظیم کو کراچی الائنس میں ضم کیا ہے ۔انہوں نے ایک سوال پر کہا کہ نبیل گبول ماضی میں گینگ وا ر کا اہم کردار رہے۔