پشاور زلمی ترکی میں بھی کرکٹ کے فروغ کیلئے سرگرم
اسلام آباد (امت نیوز) پاکستان سپر لیگ فرنچائز پشاور زلمی چینآسٹریا کے بعد ترکی میں بھی کرکٹ کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرے گی . اس سلسلے میں زلمی فاونڈیشن اور ترکی اسپورٹس ڈیولپنگ فیڈریشن کے درمیان پیر کو اسلام آباد میں ترکی کے سفارتخانے میں ایک پروقار تقریب میں ایم او یو پر دستخط کیے گئے. زلمی فاونڈیشن کی جانب سے چیرمین جاوید آفریدی جبکہ ترکی کی اسپورٹس ڈیولپنگ فیڈریشن کے صدر حسن ازترک نے ایم او یو دستخط کیے . تقریب میں شرکت کے لیے ترکی کی اسپورٹس ڈیولپنگ فیڈریشن کا وفد خصوصی طور پر پاکستان آیا. جن میں ترکی کے نیشنل کرکٹرز تناہن ترن، مہمت سرت، انقرہ اسپورٹس کلب کے صدر حسن ثابت اور انقرہ اسپورٹس کلب کے انٹرنیشنل کوآرڈی نیٹر سلمان علی شامل تھے . اس موقع پر چیرمین پشاور زلمی/ زلمی فاونڈیشن جاوید آفریدی نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان برادرانہ اور دوستانہ تعلقات نصف صدی سے زائد سے قائم ہے. پاکستان اور ترکی کی عوام کے درمیان دوستی کے رشتے کو مزید مظبوط کرنے میں کرکٹ اپنا کردار ادا کرے گی. پشاور زلمی اور زلمی فاونڈیشن ترکی میں کرکٹ کے فروغ میں مکمل تعاون کرے گی. اس سلسلے میں ترکی کی مینز اور ویمنز ٹیم کے علاوہ گراس روٹ لیول پر کرکٹ کٹس فراہم کی جائے گی۔