ٹرمپ نے تارکین کو داخلے کی اجازت پر عدلیہ کیخلاف محاذ کھول لیا
واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی صدر دونلڈ ٹرمپ نے عدلیہ کیخلاف نیا محاذ کھول لیا ۔امریکی سپریم کورٹ کے چیف جسٹس جان رابرٹس اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان لفظی جنگ شروع ہوگئی۔ چیف جسٹس جان رابرٹس نے سیاسی پناہ کے لیے میکسیکو سے آنے والے تارکین وطن کے داخلے پر پابندی کے ڈونلڈ ٹرمپ کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا تھا جس پر صدر کا کہنا تھا کہ ایک اوباما جج نے پابندی کو کالعدم قرار دیا۔چیف جسٹس رابرٹس نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے ہاں کوئی اوباما جج، ٹرمپ جج، بش جج یا کلنٹن جج نہیں، ہمارے پاس غیر معمولی عزم کے حامل ججز ہیں جو مساوات پر مبنی فیصلے کرتے ہیں۔جسٹس رابرٹس نے کہا کہ ہمیں آزاد عدلیہ کا شکر گزار ہونا چاہیے، امریکی تاریخ میں کسی بھی موجودہ صدر پر چیف جسٹس کی تنقید کا یہ منفرد واقعہ ہے۔دوسری جانب چیف جسٹس کے جواب پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹوئٹر کہا کہ عدلیہ میں یقینا اوباما ججز ہیں جن کا نقطہ نظر لوگوں سے مختلف ہے ۔صدر ٹرمپ نے کہا کہ یہ بہتر ہوتا کہ سپریم کورٹ میں موجود 9ججز آزاد عدلیہ کا ثبوت دیتے، سرحد اور تحفظ سے متعلق لاتعداد کیسز کو کیوں ختم کردیا گیا۔ اس قسم کے فیصلے ملک کو غیر محفوظ بنارہے ہیں اور یہ خطرناک اور احمقانہ ہے۔