شرجیل میمن کیخلاف پونے6 ارب کرپشن ریفرنس میں نیب گواہ پر جرح مکمل
کراچی(اسٹاف رپورٹر) احتساب عدالت نے محکمہ اطلاعات سندھ میں پونے 6 ارب روپے کی کرپشن سے متعلق ریفرنس میں ملزم شرجیل انعام میمن کے وکیل جانب سے نیب گواہ پرجرح مکمل ہونے کے بعد سماعت 11 اگست تک ملتوی کردی۔سماعت پر سابق صوبائی وزیر ودیگر پیش ہوئے۔نیب گواہ ڈائریکٹر انفارمیشن زینت جہاں کے بیان پر شرجیل میمن کے وکیل ایڈوکیٹ عامر رضا نقوی نے جرح مکمل کی ۔ اس موقع پرعدالت میں شرجیل میمن کی انتخابی کامیابی پر پی پی کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی،جو انہیں مبارکباد اور اجرک پیش کرتے رہے۔بعد ازاں شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ منفی پروپیگنڈے کے باوجود جیالوں نے پارٹی کو کامیاب کرایا۔ جہاں جہاں دھاندلی ہوئی ہے، اس کیلئے ہم لیگل فورم پر جائیں گے۔