سوات-باجوڑ-جنوبی وزیرستان میں دھماکوں سے6 افراد جاں بحق

0

سوات/خار/ کوئٹہ(نمائندگان امت)سوات، باجوڑ اور جنوبی وزیرستان میں مارٹرگولا پھٹنے اور دھماکوں کے نتیجے میں 3بچوں سمیت6 افراد جاں بحق، جب کہ8 افراد زخمی ہوگئے۔ادھر چمن کی مسجد میں دھماکے سے امام سمیت 9 افراد زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق سوات کی تحصیل مٹہ کے گاؤں نیلاگرام میں پرانا مارٹر گولا پھٹنے سے 3بچے جاں بحق اور 2زخمی ہوئے۔ جاں بحق اور زخمی بچوں کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔بچے قریبی کھیت میں کھیلنے کے دوران کھدائی کررہے تھے کہ مارٹر گولہ ملا، جس سے کھیلنے کی کوشش پر زور دار دھماکہ ہوا۔پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 9سالہ انس ولد میاں سید وارث ،7سالہ سدیس ولد میاں سید ولی ، 5سالہ محمد عمر ولد میاں سید عقیل ، جب کہ زخمیوں میں حسنین ولد محمد اسحق اور محمد نظام ولد میاں سید ولی شامل ہیں۔دونوں زخمیوں کی حالت نازک ہے ۔پانچوں بچوں کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا۔ادھر عوام نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ کشیدگی اور آپریشن کے دوران فائر کئے یا چھپائے گئے گولہ بارود کو ناکارہ بنانے کے لئے خصوصی مہم چلائی جائے۔باجوڑ کی تحصیل ناوگئی کے علاقے چینار چارمنگ سڑک کے کنارے ریموٹ کنٹرول بم پھٹ گیا، جس کے نتیجے میں 2 مقامی افراد امان اللہ او رگل بدین جاں بحق ہوگئے، جب کہ گاڑی مکمل تباہ ہوگئی۔جنوبی وزیرستان سے متصل پاک افغان سرحدی علاقہ انگور اڈہ بازار کی ایک دکان میں دھماکے سے ایک شخص جاں بحق جبکہ6افراد زخمی ہو گئے۔ کارروائی کے دوران راکٹ لانچر اور دستی بم بر آمد کر لئے گئے۔چمن کے بابو محلہ کی مسجد میں دھماکے کے نتیجے میں امام سمیت 9افراد زخمی ہوگئے ہیں۔زخمیوں میں امام مسجد حافظ مطیع اللہ ،عبدالخالق ،نجیب اللہ ،ولی خان ،عمر شاہ ،بصیراحمد،نورعلی ،لعل محمد اور روزی خان شامل ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More