استنبول(امت نیوز) ترک اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ سی آئی اے کو خشوگی قتل کیس میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے خلاف ثبوت مل گئے ہیں۔ اخبار کے مطابق سعودی ولی عہد کی فون کال کی ریکارڈنگ امریکی خفیہ ایجنسی کے پاس ہے جس میں وہ صحافی جمال خشوگی کو جلد از جلد خاموش کرنے کی ہدایت دے رہے ہیں۔ یہ کال مبینہ طور پر محمد بن سلمان کی جانب سے اپنے بھائی خالد بن سلمان کو کی گئی تھی۔قبل ازیں ترک میڈیا نے ایک آڈیو ریکارڈنگ کی تفصیلات جاری کی تھیں جو مبینہ طور پر خشوگی اور قاتلوں کی گفتگو پر مبنی تھی۔ریکارڈنگ میں مبینہ طور پر جمال خشوگی کہہ رہے ہیں کہ چھوڑو میرا ہاتھ تمہیں پتہ ہے تم کیا کر رہے ہو؟ انقرہ کے سعودی قونصل خانے میں خشوگی کے داخل ہوتے ہی شور، لڑائی جھگڑے کی آوازیں ریکارڈ ہوئیں۔آڈیو ٹیپ میں ریکارڈ آواز کے مطابق ایک شخص کہہ رہا ہے کہ اُس آدمی کے کپڑے پہنناعجیب ہے جسے ہم نے 20 منٹ پہلے قتل کیا۔قتل کے بعد جمال خشوگی کے کپڑے پہن کر باہر نکلنے والے شخص کو یہ کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے کہ جوتے چھوٹے ہیں، دوسرے پہننے دو۔ترک اخبار روزنامہ حریت کے مطابق جوتے چھوٹے ہونے کی شکایت والے شخص کی آواز مصطفےٰ المدنی کی تھی، مصطفےٰ المدنی کو چند گھنٹے بعد خشوگی کے کپڑے پہنے مسجد کے سامنے سے گزرتے دیکھا گیا تھا۔ واشنگٹن پوسٹ کیلئے کام کرنے والے جمال خشوگی 2 اکتوبر کو کاغذات کی تصدیق کیلئے سعودی قونصل خانے گئے تھے تاہم واپس نہیں آئے تھے۔