اورکزئی کے بازار میں دھماکے سے 33 جاں بحق

0

ہنگو(نمائندہ امت /مانیٹرنگ ڈیسک)لوئراورکزئی کے کلایہ بازار میں بم دھماکے سے 33 افراد جاں بحق اور56 زخمی ہوگئے۔ متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے ،جس سے اموات میں اضافے کا خدشہ ہے۔ جمعہ کو ہفتہ وار میلے میں لوگ خریداری میں مصروف تھے کہ اس دوران قریب واقع مدرسے کے گیٹ کے باہر زوردار دھماکہ ہوا۔عینی شاہدین کے مطابق ہر طرف افراتفری مچ گئی اور لوگ جانیں بچانے کے لئے بھاگنے لگے۔جائے وقوع پر لاشیں بکھری پڑی تھیں جبکہ زخمیوں کی آہ وبکا سے قیامت صغریٰ کا منظر تھا،اطلاع ملتے ہی سیکورٹی فورسز، پولیس اورریسکیو اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور علاقے کو گھیرے میں لے کر زخمیوں اور لاشوں کو اسپتال منتقل کیا۔ ذرائع کے مطابق 8 کلو بارودی مواد موٹرسائیکل میں نصب کیا گیا تھا ، جس کو ریموٹ کنٹرول سے اڑایا گیا۔دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ اسکی آواز دور دور تک سنائی دی گئی اور قریب کھڑی گاڑیوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔ڈی ایچ او ڈاکٹر نواب حسین نے ویڈیوبیان کے ذریعے میڈیا کو بتایا کہ دھماکے میں 33 افراد جاں بحق اور 56 زخمی ہوئے ہیں۔ 26 زخمیوں کا علاج اورکزئی کلایہ ہید کوارٹرز اسپتال میں کیا جارہا ہے،ڈی سی خالد اقبال کے مطابق مرنے والوں میں 3سکھ تاجر اور 3بچے بھی شامل ہیں۔ مقامی افراد کے مطابق جس مقام پر دھماکہ ہوا اس کے بزدیک ایک امام بارگاہ بھی قائم ہے۔دریں اثنا جاں بحق ہونے والے 10افراد کی نمازجنازہ کلایہ ہیڈ کوارٹرز میں ادا کر دی گئی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More