پی ایس ایل فور میں مصباح کی سلیکشن پر نوجوان مایوس
لاہور(امت نیوز) پی ایس ایل فورکے ڈرافٹ میں 44سالہ مصباح الحق منتخب جبکہ کئی نوجوان کرکٹر منہ دیکھتے رہ گئے۔اسلام آباد میں ہونے والے پی ایس ایل فور ڈرافٹ میں تمام فرنچائز ٹیموں نے اپنے 16رکنی اسکواڈز مکمل کرتے ہوئے سپلیمنٹری کھلاڑی بھی منتخب کرلیے، اسلام آباد یونائیٹڈ کا مینٹور بننے کے بجائے بطور پلیئر کھیلنے کیلیے بے تاب مصباح الحق کو حیران کن طور پر پشاور زلمی نے اپنی ٹیم میں شامل کرلیا۔انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرڈ 44سالہ کھلاڑی گزشتہ سیزن میں اسلام آباد کی جانب سے کھیلتے ہوئے اچھی فارم میں نظر نہیں آئے تھے۔ ڈیرن سیمی کی موجودگی میں پشاور زلمی کے پاس قیادت کا فقدان بھی نہیں تھا، اس کے باوجود مصباح الحق کو منتخب کیا گیا۔دوسری جانب ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کا تقاضا ہونے کے باوجود کئی نوجوان کرکٹرز کو کسی ٹیم نے بھی منتخب نہیں کیا،اظہر علی اور اسد شفیق جیسے سینئرزکو نظر انداز کردیا گیا۔
٭٭٭٭٭