شہباز کے علاج کیلئے فل میڈیکل بورڈتشکیل دینے کی سفارش
اسلام آباد(خصوصی رپورٹر) پولی کلینک ہسپتال کے میڈیکل بورڈ نے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کے مزید علاج کے لیے فل میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کی سفارش کر دی ، تاہم انہیں فوری طور پر صحت مند اور فٹ قرار دے دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ہفتہ کے روز منسٹرز انکلیو میں ہسپتال کے چار رکنی میڈیکل بورڈ نے ان کا تفصیلی میڈیکل چیک اپ کیا۔ بورڈ میں پولی کلینک ہسپتال کے ڈاکٹر عرفان،ڈاکٹر نوید ڈاکٹر حامد اور ڈاکٹر نیاز شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق چار رکنی میڈیکل بورڈ نے شہباز شریف کی بیماری کے حوالے سے فل بورڈ تشکیل دینے کی سفارش کی ہے۔ فل میڈیکل بورڈ میں کینسر اور ہارمونز کے ماہرڈاکٹرز کے علاوہ سرجن بھی شامل ہوں گے۔ میڈیکل بورڈ نے مزید سفارش کی ہے کہ فل بورڈ میں پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) اور ملٹری ہسپتال راولپنڈی کے ڈاکٹرز شامل کیے جائیں۔ ڈاکٹر امتیاز احمد کے دستخط سے جاری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ شہباز شریف کے میڈیکل چیک اپ کے دوران کوئی غیر معمولی چیز سامنے نہیں آئی اور وہ صحت مند اور فٹ ہیں۔ تاہم ڈاکٹروں نے انہیں تجویز کردہ ادویات جاری رکھنے کی بھی ہدایت کی ہے۔ ڈاکٹروں نے شہباز شریف کو الٹراسائونڈ اور سی ٹی اسکین کروانے کا بھی مشورہ دیا ہے اور امکان ہے کہ یہ دونوں ٹیسٹ اسلام آباد میں ہی کروائے جائیں گے۔