مہاجروں کا مینڈیٹ چھین کرچیمے۔محسودجتوائے گئے ۔آفاق احمد
کراچی (اسٹاف رپورٹر )مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان)کے چیئرمین آفاق احمدنے کہا ہے کہ مہاجروں کا مینڈیٹ چھین کر چیمے محسود و دیگر جتوئے گئے ۔بلدیاتی الیکشن کیلئے بھی سازش کی جا رہی ہےاور میئر کو باہر سے لانے کا پلان بنایا جا رہا ہے تاکہ جعلی مینڈیٹ کےذریعےمہاجروں کا شہر پر دعویٰ کمزور کیا جائے ۔وہ پارٹی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ سی پیک پاکستانیوں کی قسمت بدلنے والا منصوبہ ہے لیکن میں بتادوں کہ سی پیک میں پا کستانیوں کا حصہ اتنا نہیں جتنا کہا جارہا ہے۔ سی پیک میں اصل بینیفشری پاکستان نہیں بلکہ چین اور اسکے بعد روس ہے، روس کو گرم پانی کی ضرورت ہے اس لئے اسے سی پیک میں شامل کیا جارہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ آج کراچی بھر میں توڑ پھوڑ کی جارہی ہے، میں پوچھتا ہوں کہ کیا زمینوں پر قبضے اور تجاوزات صرف کراچی میں ہوئیں؟ قبضے پورے ملک میں ہوئے لیکن سپریم کورٹ کےحکم کو بنیاد بنا کر جائیداد اور کاروبار صرف کراچی والوں کا مسمار کیا جارہا ہے۔ میں کسی قوم کے خلاف نہیں ہوں لیکن بتایا جائے کہ پہاڑ گنج اور بنارس میں جو ہزاروں قبضے ہوئے ان پر بلڈوزر کیوں نہیں چلتا۔ صرف مہاجروں پر بجلیاں نہ گرائی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر مہاجروں کو بھوکا مارنے اور انکے سروں سے چھت چھیننے کی کوشش کی گئی تو میں کبھی خاموش نہیں رہوں گا۔ایک کرکٹر دوست سدھو کو خوش کرنے کیلئے کرتار پور بارڈر کھولا جارہا ہے دوسری جانب تین کروڑ مہاجر ہیں ان کیلئے کھوکھرآپار بارڈر بند رکھا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ آج ہر کوئی شہر میں امن کا کریڈٹ لے رہا ہے ان تمام کریڈٹ لینے والوں سے کہتے ہیں کہ اگر امن کا کریڈٹ لینا ہے تو ُپھر قتل و غارت کی بھی ذمہ داری قبول کرو ، صرف ایدھی قبرستان میں دفن 83ہزار لاشیں تم لوگوں کی نااہلی کا نتیجہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ آفاق میدان میں ہو یا ایوان میں اسکا بیانیہ ایک ہی رہے گا، ہم خدا کے سامنے کسی اور کے سامنے جھکنے کا تصور بھی نہیں کرسکتے ۔آفاق نے کہا کہ دسمبر میں انٹرا پارٹی الیکشن کے ذریعے تنظیم نو کا اعلان کرتا ہوں۔