پانی کا بڑھتا بحران پاکستانی معیشت کیلئے خطرہ ہے- عالمی اقتصادی فورم
جنیوا(امت نیوز) عالمی اقتصادی فورم نے آنے والی دہائی میں پانی کا بڑھتا ہوا بحران پاکستانی معیشت کے لیے بڑا خطرہ قرار دے دیا۔غیرسرکاری تنظیم ورلڈ اکنامک فورم نے ’کاروبار کیلئے علاقائی خطرات‘ سے متعلق اپنی حالیہ سروے رپورٹ میں کہا ہے کہ پاکستان میں موجود 22 کروڑ کی آبادی پانی کے بحران، بے قابو مہنگائی، دہشت گرد حملوں ،ناکام شہری منصوبہ بندی جیسے خطرات سے دوچار ہے۔ تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتیں بھی جنوبی ایشیا کی معیشت کے لیے بڑا مسئلہ ہوں گی جب کہ دہشت گردی پاکستان کے لیے ایک چیلنج رہے گی۔جنوری اور جون کے درمیان کئے گئے سروے میں پاکستان کے ساتھ ساتھ بھارت، نیپال اور سری لنکا کی معیشت کو 10 بڑے خطرات کی نشاندہی کی گئی ہے۔