مغرب ہمارے خاندانی نظام پر کاری ضرب لگا چکا-اسلامک یوتھ کانفرنس
کراچی(اسٹاف رپورٹر)اسلامی جمعیت طالبات کے زیر اہتمام پہلی اسلامک یوتھ کانفرنس برائے طالبات مقامی ہوٹل میں ہوئی، جس میں 10سے زائد مہمان اسلامی تنظیموں نے شرکت کی۔ مقررین خواتین نے کہا ہے کہ خاندانی نظام کی اہمیت سے صرف نظر ممکن نہیں۔ہمارا خاندانی نظام مغرب کا خصوصی ہدف ہے اور وہ اس پر کاری ضرب لگاچکا۔ بچوں اور والدین کے درمیان فاصلہ برے اثرات مرتب کر رہا ہے۔موبائل، لیپ ٹاپ، ٹیب لیٹس اور انٹرنیٹ کا منفی استعمال ہمارے خاندانی نظام کو متاثر کر رہے ۔یہ کانفرنس پاکستان میں طالبات کے لیے کام کرنے والی تنظیموں کی پہلی کانفرنس ہے جس کے مثبت نتائج برآمد ہوں گے اور یہ طالبات کی تربیت کا بہترین اور موثر پلیٹ فارم ثابت ہوگی۔کانفرنس سے جماعت اسلامی حلقہ خواتین کی سیکرٹی جنرل دردانہ صدیقی ، الہدیٰ انٹرنیشنل کی رہنما اور ماہر امراض اطفال ڈاکٹر کنول قیصر، جمعیت طالبات کی ناظمہ اعلیٰ عائشہ فہیم ، ماہر نفسات ماہ رخ اختر،یوتھ کلب کی رکن مس ماہم، نیہا مبین اور دیگر نے خطاب کیا۔دردانہ صدیقی نے کہا کہ امید ہے کہ امت کی قابل فخر بیٹیاں اتحاد و یگانگت کے ساتھ آنے والے وقت میں اسلام کی بہترین پشتیبان ثابت ہوں۔ڈاکٹر کنول نے کہا کہ بچوں کا والدین اور والدین کا بچوں پر اعتماد بڑھانے کی ضرورت ہے۔عائشہ فہیم نے کہا کہ کانفرنس کا مقصد نوجوان طالبات کی دینی تنظیموں کو ایک پلیٹ فارم پر اکھٹا کرنا اور مل کر بدلتی دنیا میں درپیش چیلنجوں کا حل نکالنا ہے۔