کوئٹہ سے کراچی آنیوالی کوچ سوزوکی سے ٹکرا گئی – 4 جاں بحق
حب (نمائندہ امت) گڈانی موڑ کے قریب مسافر کو چ سوزوکی سے ٹکرا گئی ،جس کے نتیجے میں 4 افراد موقع ہی پر جاں بحق ہوگئے۔ پیر کے روز کوئٹہ کراچی شاہراہ گڈانی موڑ کے قریب لک بدوک کے مقام پر کوئٹہ سے کراچی آنے والی تیز رفتار ارباز مسافر کوچ اور سامنے سے آنے والی سوزوکی کے درمیان خوفناک تصادم پیش آیا ، جس کے نتیجے میں سوزوکی گاڑی میں سوار رمضان ولد محمد ابراہیم، واجد ولد غلام نبی ، صالح ولد تاج محمد اور شیردل ولد محمد عمر موقع ہی پر جاں بحق ہوگئے۔ لاشوں کو حب کے جام غلام قادر گورنمنٹ اسپتال منتقل کیا گیا اور قانونی کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کی گئیں۔ کوچ کے ڈرائیور اکبر محمد حسنی کو گرفتار اور مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔ واضح رہے کہ کوئٹہ کراچی شاہراہ سنگل ہونے اور شدید ٹریفک کی دباؤ کے باعث حادثات روز کے معمول بن گئے ہیں۔ کوئٹہ سے کراچی تک تقریبا 700کلو میٹر اور ایک طویل سفر کرنے کے باعث کسی بھی حادثے کی صورت میں شہری آبادیوں کے علاوہ کوئی ایسا اسپتال نہیں ہے کہ کسی حادثے کے زخمی افراد کو فوری طور پر ابتدائی طبی امداد فراہم ہوسکے۔ شہریوں نے اور بالخصوص ٹرانسپورٹرز نے صوبائی حکومت اور وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ کوئٹہ کراچی شاہراہ کو ڈبل روڈ بنایا جائے ، تاکہ اس شاہراہ پر سفر کرنے والوں کی جانیں محفوظ ہوسکیں۔