تندوروں کیلئےگیس سستی۔ لوڈشیڈنگ بھی نہیں ہوگی

0

اسلام آباد ( نمائندہ امت / مانیٹرنگ ڈیسک ) اقتصادی رابطہ کمیٹی نے سردیوں میں گیس لوڈشیڈنگ نہ کرنے جبکہ تندوروں کے لیے گیس کی پرانی قیمت بحال کرنے کابھی فیصلہ کیا ہے۔وزیر خزانہ اسد عمر کی زیرصدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں موسم سرما میں گیس لوڈشیڈنگ پلان پر غور کیا گیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ گیس کی کمی پوری کرنے کیلئے آر ایل این جی سسٹم میں داخل کی جائے گی اورسردیوں میں ملک بھر میں کہیں بھی گیس لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی۔ یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ گیس کی کمی کو پورا کرنے کیلئے نظام میں 150 سے 200 ایم ایم سی ایف ڈی ری گیسیفائیڈ لیکویفائیڈ نیچرل گیس (آر ایل این جی) شامل کی جائے گی۔توانائی ڈویژن کو اسلامی فنانس کے ذریعے 38 ارب روپے وصول کرنے کی اجازت دی جائے گی۔اجلاس میں پاور پاک منیجمنٹ کمپنی کے قیام کا پلان بھی منظور کیاگیا، کمپنی کی گارنٹی حکومت پاکستان دے گی، پاور سیکٹر کے گردشی قرضے میں کمی کیلئے 200 ارب روپے کے اسلامی بانڈز جاری کئے جائیں گے۔کمیٹی نے پاور سیکٹر کے لئے اسلامک فنانسنگ کی سہولت دیے جانے کی بھی منظوری دی۔یاد رہے کہ موسم سرما میں گیس کی طلب بڑھنے کے باعث گزشتہ کئی سالوں سے گیس لوڈشیڈنگ کی جاتی رہی ہے جس سے مختلف اوقات میں گھریلو صارفین بھی متاثر ہوتے ہیں۔جبکہ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے تندوروں کے لیے گیس کی پرانی قیمت بحال کرنے کابھی فیصلہ کر لیا۔کمیٹی نے یہ فیصلہ گیس کی قیمت میں اضافے سے تندور کی روٹی اور نان کی قیمتوں میں اضافے کے خدشے کے پیش نظر کیا۔دریں اثناء حکومت نے نانبائیوں کے لیے گیس کے ٹیرف میں اضافے کا فیصلہ واپس لے لیا جس کے بعد نان بائیوں کی جانب سے روٹی 10 روپے سے کم کر کے 7 اور نان 15 روپے سے سستا کر کے 10 روپے کر نے کا اعلان کیا گیا ہے۔ حکومت کی جانب سے گیس کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ کیا گیا تھا جس کے تحت نانبائیوں کے لیے بھی گیس کے ٹیرف میں اضافے کا فیصلہ کیا ۔گیس کی قیمتیں بڑھنے کے بعد نانبائی ایسوسی ایشن نے راولپنڈی میں مری روڈ ، لیاقت باغ میں احتجاجی مظاہرے بھی کئے اور وزیر پیڑولیم غلام سرور خان ، اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی علی اعوان سے ملاقات کر کے گیس کے نرخوں کے حوالے سے بات کی تھی اور اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا تھا جس پر وفاقی وزراء نے گیس کے ٹیرف واپس لینے کی یقین دہانی کرائی تھی ۔متحد نان بائی ایسوسی ایشن ضلع راولپنڈی کے صدر شفیق قریشی نے وزیر پیڑولیم اور وفاقی کابینہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے پرانا ٹیرف بحال کر کے غریب کی مدد کی ہے ۔نانبائیوں کی ایسوسی ایشن نے اس فیصلے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے نان اور روٹی کی قیمتوں میں کمی کا فیصلہ کیا ہے۔اس حوالے سے نانبائی ایسوسی ایشن کی جانب سے فیصلہ کیا گیا ہے کہ روٹی کی قیمت 10 روپے سے کم کر کے 7 روپے اور نان کی قیمت 15 روپے سے کم کر کے 10 روپے کر دی گئی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More