پیپلزپارٹی میں اختلافات کھل کر سامنے آگئے
سوات(بیورورپورٹ)خیبر پختون میں پیپلزپارٹی دو واضح دھڑوں میں تقسیم ہوگئی ہے ،انتخابات میں بدترین شکست کے بعد پیپلزپارٹی میں بڑے پیمانے پر اختلافات سامنے آئے ہیں ،سابق وفاقی وزیر لعل محمد خان سمیت اہم رہنماؤں نے پارٹی کے صوبائی صدرہمایون خان کو ہٹانے اور ملک بھر کی تنظیموں کو ختم کرنے کا مطالبہ کردیا ہے ، پیپلز پارٹی کے سنٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی کے ممبر اورسابق وفاقی وزیر لعل محمد خان نے سوات پریس کلب میں سابق ایم پی اے غنی محمد ،پارٹی کے سابق ضلعی جنرل سیکرٹری روح الامین لالا،سابق صدر شمشیرعلی خان ایڈووکیٹ، سابق صوبائی وزیر دوست محمد خان،خورشید خان،قاسم قصاب سلیم خان اورممتاز خان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ملاکنڈسے بلاول بھٹو کو الیکشن کیلئے کھڑاکرنے کا مقصد پیپلزپارٹی کا جنازہ نکالنا تھا ،زرداری سے کہہ دیا تھا بلاول بھٹو کی سیاست ختم کرنے کی ساز ش ہورہی ہے، پیپلز پارٹی کو چند افراد نے اپنی جاگیر بنارکھا ہے ، انہوں نے کہاکہ پارٹی چیئرمین بلاول بھٹوکو ملاکنڈسے الیکشن کیلئے کھڑا کرنے کے حوالے سے ہمارے ساتھ کسی قسم کی مشاورت نہیں کی گئی اور نہ ہی ہمیں اعتماد میں لیا گیا،جن لوگوں نے انہیں یہاں سے الیکشن لڑنے کا مشورہ دیا وہ مشورہ وہ ٹھیک نہیں تھا ان کیلئے جلسہ کا اہتمام بھی کیا گیا جس کی اجازت دی گئی مگر ان لوگوں نے بلاول بھٹو کو گھرلے جاکرپارٹی ساکھ کو نقصان پہنچایا انہوں نے کہاکہ پارٹی جن حالات کا شکار ہے اس میں چندافراد کا ہاتھ ہے ،ٹکٹوں کی تقسیم میں اہم اورنظریاتی افراد کو نظر اندازکیا گیا ،ہمایون خان کی وجہ سے بلاول بھٹو کے ساتھ جوملاکنڈ میں جو سلوک ہوا وہ قابل افسوس ہے ۔