نیوزی لینڈ کواننگز سے شکست پر سیریز1-1سے برابر
دبئی(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ کوایک اننگز اور 16 رنز سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کردی۔یاسر شاہ دوسری اننگز میں بھی کامیاب بولر رہے، انہوں نے 6 کیوی کھلاڑیوں کو پویلین کا راستہ دکھایا،اس طرح انہوں نے میچ میں مجموعی طور پر 14 کھلاڑی آؤٹ کیے اورمین آف دی میچ قرارپائے،ٹیلرنے82رنز بنائے۔دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ کے چوتھے روز فالوآن کا شکار ہونے والی کیوی ٹیم نے 131رنز 2 کھلاڑیوں آؤٹ پر کھیل کا آغاز کیا تو 44رنز پر موجود لیتھم اپنے اسکور میں صرف 6رنز کا اضافہ ہی کرسکے اور 146کے اسکور پر کیوی ٹیم کی3وکٹیں گرگئیں۔لیتھم کے آؤٹ ہونے کے بعد روس ٹیلر اور اگلے آنے والے بیٹسمن ایم نیکولز نے کیوی ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا لیکن198کے مجموعی اسکور پر روزٹیلر بلال آصف کی گیند پر 82رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ 255کے مجموعی اسکور پربی جے ویٹلنگ27رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔اس کے بعد کیوی ٹیم کے کھلاڑی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور یکے بعد دیگرے وکٹیں گرتی گئیں۔ 270کے اسکور پرنیوزی لینڈ کا چھٹا، 285پر ساتواں، 301پر آٹھواں جبکہ311پرنواں اور312پرآخری کھلاڑی آؤٹ ہوگیا۔ ٹام لیتھم نے 50،ٹیلر نے 82اور ہنری نکلز نے 77رنزبنائے۔ دوسری اننگز میں یاسر شاہ نے 6،حسن علی نے3جبکہ بلال آصف نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔یاسر شاہ نے میچ میں 184رنز کے عوض 14وکٹیں حاصل کیں اوراس کارکردگی پرانہیں مین آف دی میچ کے اعزاز سے نوازا گیا۔