بلوچستان کے وزیرزمرک خان کے حلقے میں دوبارہ گنتی کا حکم معطل
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) سپریم کورٹ نے بلوچستان کے وزیر زراعت زمرک خان کے حلقہ میں دوبارہ گنتی کا حکم معطل کردیا۔الیکشن کمیشن آف پاکستان نے دھاندلی کے الزامات پر بلوچستان کے حلقہ پی بی 21 کے 14 پولنگ اسٹیشنوں میں دوبارہ گنتی کا حکم دیا تھا جسے عدالت نے معطل کردیا۔ جسٹس عظمت سعید نے کہا کہ الیکشن کو 60 روز گذرنے کے بعد الیکشن کمیشن حکم دے سکتا ہے یا نہیں فیصلہ عدالت کریگی، یہ دلچسپ کیس ہے جس میں اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کریں گے۔وکیل افتخار گیلانی نے کہا کہ 184 تھری کا استعمال کرتے ہوئے سپریم کورٹ سائلین سے فورم چھین رہی ہے، سائلین پریشان ہیں، فیصلے براہ راست سپریم کورٹ میں کئے جاتے ہیں، سپریم کورٹ کا یوں اختیار استعمال کرنا غیر مناسب ہے۔جسٹس عظمت سعید نے کہا کہ ایک سو چوراسی تین کا پہلا شہلا ضیاء کیس جب آیا تو میں طالبعلم تھا، جہاں خلاء ہوتا ہے وہاں اسے استعمال کرتے ہیں۔ سپریم کورٹ نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت جنوری کے آخری ہفتے تک ملتوی کردی۔