گوشواروں میں تاخیرکیخلاف تنخواہ داروں پرجرمانہ-آڈٹ ختم
اسلام آباد( نمائندہ امت)حکومت نے تاخیر سے ٹیکس گوشوارے جمع کرانے والے تنخواہ داروں پر جرمانہ اور آڈٹ ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا،وزیرریونیونے کہاہے کہ موجودہ حکومت ٹیکس فائلرز کو سہولتیں دینے کیلئے پرعزم ہے ۔وفاقی بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے 14 نومبر کو تاخیر سے ٹیکس گوشوارے جمع کرانے والے 10 لاکھ سے زائد فائلرز کو آڈٹ نوٹسز جاری کیے تھے، ان فائلرز نے سال 2015، 2016 اور 2017 کے ٹیکس ریٹرنز جمع کرائے تھے۔ایف بی آر نے نوٹس کے ذریعے ان فائلرز سے تاخیر سے گوشوارے جمع کرانے پر 20 ہزار روپے یا اس سے زائد جرمانہ ادا کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔تاخیر سے گوشوارے جمع کرانے والے ان فائلرز کا آڈٹ کے لیے انتخاب انکم ٹیکس آرڈیننس کے سیکشن 214 ‘ڈی، کے تحت کیا گیا تھا۔آرڈیننس کے سیکشن 214 ‘ای، کے تحت 20 ہزار روپے جرمانہ ادا کرکے خودکار طریقے سے آڈٹ کا عمل ختم کرنے کی سہولت سے 31 دسمبر تک استفادہ کیا جاسکتا تھا، جس کے لیے تقریباً 10 لاکھ 22 ہزار افراد اہل تھے۔وزیر مملکت برائے ریونیو حماد اظہر نے ٹویٹرپر اعلان کیا کہ حکومت نے گزشتہ سالوں کے لیے بھی تاخیر سے گوشوارے جمع کرانے والے تنخواہ داروں پر جرمانہ اور آڈٹ ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔موجودہ حکومت ٹیکس فائلرزکو سہولتیں دینے کیلئے پرعزم ہے۔تنخواہ دارطبقے کوبھی گوشوارے لیٹ جمع کرانے پرآڈٹ سے استثنا دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔