خادم رضوی-افضل قادری کیخلاف توہین عدالت کی درخواست
اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)سپریم کورٹ میں تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے سربراہ خادم حسین رضوی اور پیر افضل قادری کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کردی گئی۔ٹی ایل پی کے دونوں رہنماؤں کے خلاف توہین عدالت کی درخواست بیرسٹر مسرور شاہ نے دائر کی۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ کیا دونوں رہنماؤں کے پاس عدالت کو بدنام کرنے کا لائسنس ہے؟ کیا دونوں رہنماؤں کو یہ اجازت حاصل ہے کہ وہ عدالت کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کریں؟درخواست گزار کا کہنا تھا کہ کیا آرٹیکل 10 اے کے تحت شفاف ٹرائل کا حق سب کو حاصل نہیں؟ کیا عدالت انصاف کی فراہمی شفاف اور بلا خوف و خطر فراہم نہیں کرتی؟درخواست میں کہا گیا کہ کیا تمام شہریوں کو آئیں کے تحت ریاست کے ساتھ وفاداری نہیں کرنی چاہیے؟اس میں کہا گیا کہ آسیہ کے مقدمے کے بعد خادم حسین رضوی اور پیر افضل قادری نے عدالت کی بے توقیری کی۔درخواست میں کہا گیا کہ پُرامن احتجاج جمہوری معاشرے میں ہر ایک کا حق ہے لیکن کسی سیاسی پارٹی کو احتجاج کی آڑ میں دیگر شہریوں کی زندگی کو مفلوج کرنے حق حاصل نہیں۔درخواست میں پوچھا گیا کہ دونوں رہنماؤں نے جلسے جلوسوں میں جو زبان استعمال کی کیا وہ توہین عدالت نہیں؟درخواست میں عدالت عظمیٰ سے استدعا کی گئی کہ خادم حسین رضوی اور پیر افضل قادری کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کرکے انہیں سزا دی جائے۔