قتل کے فتوئوں کیخلاف سزا بڑھانے کی تیاری
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر قبلہ ایاز کا کہنا ہے کہ قتل کے فتوے دینے والوں کے خلاف سزا بڑھانے کی کوشش کریں گے۔اسلامی نظریاتی کونسل کا اجلاس چیئرمین ڈاکٹر قبلہ ایاز کی صدارت میں اسلام آباد میں ہوا جس میں وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری اور وزیر پارلیمانی امور علی محمد خان خصوصی طورپر شرکت کی۔اسلامی نظریاتی کونسل کے اہم اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر قبلہ ایاز کا کہنا تھا کہ قتل کے فتوے دینے والوں کے خلاف سزا بڑھانے کی کوشش کریں گے۔چئیرمین اسلامی نظریاتی کونسل نے کہا کہ کسی کو واجب القتل قرار دینا، کفر کے فتوے لگانا یہ کسی فرد یا گروہ کا کام نہیں ہے ۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نورالحق قادری نے کہا کہ اسلامی نظریاتی کونسل سے بھر پور فائدہ اٹھاتے ہوئے اسے ماضی کی طرح غیر فعال ہونے سے بچائیں گے اور کونسل اراکین کرتار پور کے مقام پر سکھوں کے استقبال میں بھی شریک ہوں گے۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت اسلامی نظریاتی کونسل کی تجاویز سے بھرپور فائدہ اٹھائے گئی جبکہ وزیراعظم عمران خان کونسل کے چیئرمین اور ممبران سے ملاقات کریں گے۔وفاقی وزیر مذہبی امور نورالحق قادری نےکہا کہ ریاست مدینہ میں سود نہیں ہوگا اور ہم پہلے بلاسود بینکاری کو فروغ دیں گے جس کے بعد سود کے خاتمے کی طرف بڑھیں گے۔ وزیر مذہبی امور نے کہا کہ ریاست مدینہ کے لئے کونسل کی سفارشات چاہییں۔