جامعہ کراچی کے 7 کلیہ جات کیلیے ساڑھے 3 کروڑ ریسرچ گرانٹ
کراچی(اسٹاف رپورٹر)جامعہ کراچی انتظامیہ نامساعد مالی حالات کے باوجود تحقیقی عمل کو آگے بڑھانے کے لئے کوشاں ہے۔ اس سلسلے میں انتظامیہ نے ریسرچ گرانٹ کی مد میں 7 کلیہ جات کو 3 کروڑ 45 لاکھ روپے جاری کردیے ہیں۔اعداد و شمار کے مطابق تحقیق کے لئے کلیہ سائنس کو 2 کروڑ 10 لاکھ روپے،فارمیسی کو65لاکھ روپے،سوشل سائنسز کو 40لاکھ روپے،اسلامک اسٹڈیز کو 15لاکھ روپے جبکہ کلیہ منیجمنٹ، قانون اور تعلیم کے لیے 5،5لاکھ روپے جاری کردئے گئے ہیں۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد اجمل خان نے فیکلٹی ممبران کو ریسرچ گرانٹ جاری کرتے ہوئے کہا کہ جامعات کی پہچان عظیم الشان عمارتوں سے نہیں، بلکہ تحقیق سے ہوتی ہے۔جامعہ کے اساتذہ ریسرچ کے میدان میں اپنا ثانی نہیں رکھتے، لیکن مالی حالات کے باعث ایک دہائی سے انہیں وسائل فراہم نہیں کئے جاسکے۔اگر ہمیں ضروریات کے مطابق گرانٹ فراہم کی جائے تو ہم تحقیق کے میدان میں بہت آگے جاسکتے ہیں۔