بھارتی فوج سے جھڑپ میں مجاہد کمانڈرنوید جٹ ساتھی سمیت شہید
لاہور(نمائندہ امت)مقبوضہ کشمیر کے بڈگام ضلع میں بھارتی فوج اور کشمیری مجاہدین کے مابین ہونے والی خونریز جھڑپ میں مجاہد کمانڈر نوید جٹ اور اپنے ایک ساتھی کے ساتھ شہید ہو گئے۔جھڑپ میں بھارتی فوج کا بھی شدید نقصان ہوا ہے تاہم بھارتی فورسز کا کہنا ہے کہ اس کے 3 اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔نوید جٹ کی شہادت کی خبر پورے کشمیر میں جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی اور ہزاروں کشمیری اپنے محبوب کمانڈر کی محبت میں سڑکوں پر نکل آئے۔اس دوران بھارتی فورسز اور کشمیریوں کے مابین زبردست جھڑپیں ہوئی ہیں۔کشمیریوں کی طرف سے جٹ، جٹ، نوید جٹ کے زبردست نعرے لگائے جاتے رہے۔بھارتی فورسز نے دونوں کشمیری مجاہدین کو شہید کرنے کیلئے ایک مکان کو بارود سے اڑا دیا ۔اسی طرح دیگر کئی مکانات کو بھی نقصانات سے دوچار کیا گیاہے۔ قابض انتظامیہ نے بڈگام اوردیگر علاقوں میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس بند کردی ہے۔