بھارتی فوج نے مزید 2کشمیری شہید کر دئیے

0

لاہور(نمائندہ امت)مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے بدترین دہشتگردی کا ارتکاب کرتے ہوئے پلوامہ میں مزید2 کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا۔ عادل احمد او عدنان احمد نامی دونوں نوجوانوں کو نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران شہید کیا گیا۔ پلوامہ میں شہید کئے گئے کشمیری نوجوانوں کی نماز جنازہ میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ ادھر بارہمولہ کے سوپور علاقہ میں بھارتی فورسز اہلکار شہید کشمیری کی نماز جنازہ میں شریک افراد پر ٹوٹ پڑے اور لاٹھی چارج، آنسو گیس کا بے دریغ استعمال کیا جس سے متعدد زخمی ہو گئے۔سوپور اور دیگر علاقوں میں مکمل ہڑتال رہی۔ قابض انتظامیہ نے موبائل اور انٹرنیٹ سروس بھی بند رکھی۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی فورسز کی بھاری نفری نے جمعرات کے دن پلوامہ ضلع کے کھریو علاقہ میں نام نہاد سرچ آپریشن شروع کیا اور کشمیریوں کے گھروں میں گھس کر توڑ پھوڑ کرتے ہوئے مزید2 کشمیری نوجوانوں کو گولیاں مار کر شہید کر دیا ۔دونوں کی نماز جنازہ میں کشمیریوں نے تمام تر رکاوٹیں پاؤں تلے روند کر جوق در جوق شرکت کی اور اسلام، آزادی اور پاکستان کے حق میں نعرے لگائے۔ نماز جنازہ ضلع پلوامہ کے علاقوں اونتی پورہ اور ملنگ پورہ میں ادا کی گئی۔مذکورہ نوجوانوں کی شہادت سے پچھلے ایک ہفتہ میں شہید ہونے والے کشمیریوں کی تعداد 26ہو گئی ہے۔ایک دن قبل بڈگام کے چاہ ڈورہ علاقہ میں بھارتی فوج کے ہاتھوں 2نوجوانوں کی شہادت کے بعد سے تعلیمی ادارے بھی بند رہے جبکہ طلباء کی جانب سے مختلف علاقوں میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔بارہمولہ کے سوپور علاقہ میں بھی بھارتی فوج کے ہاتھوں شہید ہونے والے کشمیری معراج الدین کی نماز جنازہ میں ہزاروں افراد شریک ہوئے ۔ کشمیری اقبال مارکیٹ سوپور میں جمع ہوئے تو بھارتی فورسز اہلکاروں نے انہیں منتشر کرنے کیلئے بدترین لاٹھی چارج اور آنسو گیس کی شیلنگ کی گئی ۔ اس دوران کشمیریوں نے بھارت کیخلاف اور پاکستان کے حق میں زبردست نعرے بازی کی۔ معراج الدین کے قتل کے خلاف سوپور میں مکمل ہڑتال کی گئی۔ قابض انتظامیہ نے علاقے میں انٹرنیٹ اور موبائل فون سروسز معطل اور سکولوں اور کالجوں سمیت تعلیمی اداروں کو بند رکھا۔ جموں کشمیر بینک کے ملازمین نے قابض انتظامیہ کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف سری نگر میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More