اغواکار پولیس افسرساتھی سمیت گرفتار

0

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سچل پولیس نے شارٹ ٹرم کڈنیپنگ میں ملوث سندھ ریزو پولیس کےافسر کوساتھی سمیت گرفتار کرکےمغوی اوراسکی گاڑی بازیاب کرالی۔ تفصیلات کے مطابق سچل پولیس کومدعی آصف اقبال نے اطلاع دی کہ اس کے دوست کو کچھ افراد نے یرغمال بناکر 6لاکھ روپے تاوان طلب کیا ہے، جس پر پولیس نے وکیل سوسائٹی کے مکان میں یرغمال بنائے گئے مغوی اللہ رکھا ولد غلام فرید کو گاڑی سمیت بازیاب کرالیا۔ایس ایچ او فرخ شہریار نے ’’امت ‘‘کو بتایا کہ کارروائی کے دوران 2ملزمان طالب حسین اور منیر حسین جونیجو کو گرفتار کیا گیا ہے۔ پولیس نےبتایاکہ ملزمان نے مغوی کی گاڑی کو روکنے کے بعد خود کو سرکاری افسران ظاہر کرکے گاڑی کی تصدیق کیلئےاپنے ہمراہ وکیل سوسائٹی اسکیم 33 کے مکان میں لے گئے، جہاں مغوی کو یرغمال بنا کر رہائی کے عوض 6لاکھ روپے تاوان طلب کیا تھا۔پولیس نے مزید بتایا کہ ملزم طالب حسین سندھ ریزو پولیس میں اے ایس آئی ہے اور اس کی پوسٹنگ لاڑکانہ میں ہے ،وہ ڈیوٹی کیلئے سچل تھانے آیا ہوا تھا اور اسکی منگل کے روز تھانے سے ڈیوٹی ختم ہوگئی تھی ، جبکہ دوسرا ملزم منیر حسین بھی سرکاری ملازم ہے۔ پولیس نے کہا کہ ملزمان شارٹ ٹرم کڈنیپنگ کی وارداتیں کرکےتاوان وصول کرتے تھے۔ پولیس نے ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More