کراچی سے بھاگے 2 گینگ وار کارندے دھابیجی میں مارے گئے
کراچی(اسٹاف رپورٹر)اورنگی میں پولیس اہلکاروں کوفائرنگ کرکے زخمی کرنے والے2گینگ وار ڈکیت دھابیجی پولیس کیساتھ مقابلے میں مارے گئے،پولیس نے اسلحہ و مسروقہ موٹر سائیکل برآمد کرلی ،ملزمان اندرون سندھ فرار ہونےکی کوشش کر رہے تھے۔آئی جی سندھ کلیم امام نے ڈی آئی جی ویسٹ، ایس ایس پی ویسٹ اور ایس ایس پی ٹھٹہ کو شاباش دی ہے۔ایس ایس پی شبیر سیٹھار نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ علاقہ پولیس کوسٹل ہائی وے پر اسنیپ چیکنگ میں مصروف تھی کہ ایک موٹر سائیکل پر سوار 2مشکوک افراد کو روکنے کی کوشش کی، جس پر ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کردی، پولیس نے جوابی کارروائی کرتے ہو ئے دونوں ملزمان کو ہلاک کردیا۔پولیس نے دعویٰ کیا کہ ہلاک ملزمان شہروزعرف شیرا اور عقیل عرف مدھم بدھ کی شام مومن آباداورنگی میں اسنیپ چیکنگ کے دوران فائرنگ کر کے 2پولیس اہلکاروں کو زخمی کرنے میں ملوث تھے ،جو واردات کے بعد روپوش ہو گئے تھے، بعد ازاں ملزمان نے گرفتاری کے خوف سے اندرون سندھ جانے کی کوشش کی اور پولیس سے مقابلے میں مارے گئے۔ ایس ایچ او مومن آباد آصف منور نے مقابلے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ واقعے کا مقدمہ درج ہوا تھا اور دونوں ملزمان کارروائی کے بعد اندرون سندھ فرار ہو رہے تھے کہ مقابلے میں مارے گئے اور ان کا تعلق گینگ وار کے سعید کاجل گروپ سے تھا۔ آئی جی سندھ ڈاکٹر کلیم امام نے پولیس ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ڈی آئی جی ویسٹ ڈاکٹرامین یوسف زئی ، ایس ایس پی ویسٹ اور ایس ایس پی ٹھٹہ کو شاباش دی ہے۔