عشرت العباد پی ٹی آئی – ایم کیوایم میں رابطہ کاربن گئے

0

کراچی(این این آئی) ڈاکٹر عشرت العباد خان پاکستان تحریک انصاف اور ایم کیو ایم کے درمیان رابطہ کاربن گئے ہیں ۔پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی اور سابق گورنرسندھ ڈاکٹرعشرت العبادخان کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہواہے،شاہ محمود قریشی کے مطابق عشرت العباد کے ذریعے ایم کیو ایم سے بات چیت چل رہی ہے۔ سابق گورنر سندھ کے مطابق تحریک انصاف نے کھلے دل کا مظاہرہ کیا، خالد مقبول اور دوستوں نے مثبت اشارے دیئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق کراچی کی سیاست میں سابق گورنرڈاکٹرعشرت العبادخان کی ایک بار پھرانٹری ہوئی ہے۔پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی اور سابق گورنرسندھ ڈاکٹر عشرت العباد کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں متحدہ کو ساتھ لے کرچلنے کے عزم کا ظہار کیا گیا۔ڈاکٹرعشرت العباد نے 2018 کے عام انتخابات میں کامیابی پرعمران خان اور تحریک انصاف کو مبارکباد دی۔اس موقع پرپی ٹی آئی کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا کہ تحریک انصاف اور ایم کیو ایم کے درمیان بہترین ورکنگ ریلیشن کے لیے کردار ادا کروں گا۔انہوں نے کہا کہ کراچی کی بہتری کے بغیر ملک اور معیشت آگے نہیں بڑھ سکتی، شہر سے ووٹ لینے والوں کو بھی اہمیت دینا ہوگی، انہیں ساتھ لے کر آگے بڑھنا ہوگا، خون خرابا اور تباہی بہت ہوچکی، تبدیلی لانا ہوگی۔ڈاکٹر عشرت العباد خان کے مطابق شاہ محمود قریشی سے رابطہ ہواہے، پاکستان تحریک انصاف نے کھلے دل کا مظاہرہ کیا، خالد مقبول اور دوستوں نے مثبت اشارے دیئے ہیں، تمام جماعتیں کراچی کیلئے مل کر کام کریں۔انہوں نے کہاکہ ایم کیو ایم پاکستان ایک جماعت ہے جس نے شہر سے 4 نشستیں حاصل کی ہیں، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی اور رابطہ کمیٹی ہی حتمی فیصلہ کرے گی، ایک دوسرے کے مینڈیٹ کا احترام کرنا چاہئے۔سابق گورنر سندھ نے کہاکہ سیاسی اختلافات کو جھگڑوں میں تبدیل کرنا آسان اور سمیٹنا ذرا مشکل کام ہے، کراچی کے امن کو مستحکم کرنے کیلئے سیاسی اتحاد اور ہم آہنگی ضروری ہے۔ تحریک انصاف کا متحدہ کوساتھ لے کرچلنے کا فیصلہ خوش آئند ہے، تمام جماعتیں کراچی کے لیے مل کرکام کریں، شہر کے امن کومستحکم کرنے کے لیے سیاسی اتحاد ضروری ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More