الطاف – اہلخانہ سے موسوم مقامات کے نام بدلنے کی آج تک مہلت
کراچی(رپورٹ:نواز بھٹو) محکمہ بلدیات نے میئر کراچی اور تمام ضلعی بلدیاتی اداروں کے سربراہان کو الطاف اور ان کے اہلخانہ سے موسوم 51مقامات کے نام بدلنے کی آج (30نومبر)تک مہلت دی ہے ،جبکہ سندھ اپیکس کمیٹی کا 23 واں اجلاس وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ کی زیر صدارت 6 دسمبر کو طلب کیا گیاہے ،جس میں گزشتہ اجلاس کے فیصلوں پر عملدرآمد کا جائزہ لیا جائے گا ۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ بلدیات نے 30نومبر (آج)تک غدار الطاف اور اسکے اہلخانہ سے موسوم 51مقامات کے نام بدلنے کی ہدایت کی ہے ۔سندھ اپیکس کمیٹی کا23 واں اجلاس 6 دسمبر کو ہوگا ۔ اجلاس میں چیف سیکریٹری ۔ قانون اور اطلاعات سے متعلق مشیر، کور کمانڈر کراچی، ڈی جی رینجرز، سیکرٹری داخلہ،آئی جی ، کمشنر کراچی، پراسیکیوٹر جنرل اور دیگر متعلقہ حکام شرکت کریں گے ،تاہم گورنر سندھ کا نام شرکا میں شامل نہیں ہے۔محکمہ داخلہ سندھ نے کمیٹی کے تمام اراکین کو اجلاس سے متعلق لیٹر ارسال کر دیا ہے ۔ اجلاس میں قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد اور دہشت گردوں کی مالی معاونت کرنیوالوں کے خلاف کارروائی سے متعلق رپورٹ بھی پیش کی جائے گی ،جبکہ خفیہ ادارے بھی اس سے متعلق اقدامات سےآگاہ کریں گے۔سیف سٹی پروجیکٹ کے تحت کراچی کو دہشت گردی سے محفوظ شہر بنانے کے مختلف منصوبوں کے فیصلوں پر عملدرآمد کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔واضح رہے کہ لیٹر میں کہا گیا ہے کہ کراچی کے 51 پارکوں اور دیگر املاک کے ناموں کو پہلے ڈی نوٹیفائی کریں اور نئے نام تجویز کریں ۔سیکریٹری بلدیات خالد حیدر شاہ کی طرف سے میئر کراچی، تمام ڈی ایم سیز کے چیئرمینوں اور میونسپل کمشنرز کو لکھے گئے لیٹر 8 مارچ 2018 کو ہونے والی اپیکس کمیٹی کے فیصلے کی روشنی میں متحدہ لندن کے قائد الطاف اور ان کے اہل خانہ سے موسوم پارکوں اور سرکاری املاک کے نام 30 نومبر 2018 تک منسوخ یا ڈی نوٹیفائی کی ہدایات جاری کی ہیں۔ لیٹر میں کہا گیا ہے کہ شاہ فیصل کالونی کے نذیر شہید پارک کا نام عبدالستار ایدھی، حفصہ الطاف پارک شاہ فیصل کالونی کا نام فاطمہ بجیا پارک، رفاہ عام جیم خانہ گراؤنڈ کا نام حفصہ الطاف کے بجائے ڈاکٹر رتھ پاؤ رکھا جائے، گلستان جوہر کے حفصہ الطاف پارک کا نام محمد علی جوہر پارک ، گلشن اقبال کے فائیو اسٹار کمپلیکس کے نذیر حسین شہید پارک کا نام سچل پارک، نارتھ ناظم آباد کے مفتی رمضان پارک کا نام ڈاکٹر عبدالقدیر خان پارک، بلاک ایچ ناظم آباد کے خورشید بیگم پارک کا نام کرکٹر حنیف محمد پارک ، سیکٹر 9 سی بلدیہ کے حفضہ الطاط پارک کا نام فاطمہ ثریا بجیا پارک، بلدیہ کے 9 اے کے خورشید بیگم میموریل پارک کا نام احمد فراز پارک، اورنگی ٹاؤن کے حفضہ الطاف پارک کا نام مولانا رومی پارک، نارتھ کراچی سیکٹر 11 بی کے حفضہ الطاف پارک کا نام معین اختر پارک، سیکٹر 11 جی نیو کراچی کے نذیر حسین شہید پارک کا نام امجد صابری پارک، سرجانی ٹاؤن کے حفضہ الطاف پارک کا نام مائی بھاگی پارک، نارتھ کراچی سیکٹر 5 اے کے خوشید بیگم پارک کا نام حکیم سعید پارک، عزیز آباد گلبرگ ٹاؤن کے حفضہ الطاف پارک کا نام ایم ایم عالم پارک، گلبرگ ٹاؤن بلاک 13 کے نذیر حسین پارک کا نام ریشماں پارک، نیو کراچی سیکٹر 11 بی کے حفضہ الطاف پارک کا نام جنید جمشید پارک رکھا جائے۔ جبکہ شاہ فیصل کالونی کے خورشید بیگم میموریل انسٹی ٹیوٹ کا نام ڈاکٹر عبدالسلام انسٹی ٹیوٹ، جنوبی ملیر کے ایف 1 خورشید بیگم میڈیم اسکول کا نام رانا لیاقت علی میڈیم اسکول ، 36 بی لانڈھی کراچی کے الطاف حسین میموریل پرائمری اسکول کا نام ڈاکٹر ادیب رضوی پرائمری اسکول ، زمان آباد لانڈھی کے عارف حسین میموریل پرائمری اسکول کا جہانگیر خان پرائمری اسکول ، لانڈھی نمبر 5 کے عارف حسین میموریل پرائمری اسکول کا نام فیض احمد فیض پرائمری اسوحل، لانڈھی نمبر 6 کے عارف حسین میموریل پرائمری اسکول کا نام فضل محمود پرائمری اسکول ، لانڈھی نمبر 3 عارف حسین میموریل پرائمری اسکول کا نام سعادت حسین منٹو پارک، کے ایریا لانڈھی کے عارف حسین میموریل پرائمری اسکول کا نام اشفاق احمد پرائمری اسکول، ڈی ایریا لانڈھی کے عارف حسین میموریل پرائمری اسکول کا نام بانو قدسیہ پرائمری اسکول، 89 موڑ لانڈھی کے عارف حسین میموریل پرائمری اسکول کا نام کا نام اشفاق احمد پرائمری اسکول، 37 اے ایریا لانڈھی کے عارف حسین میموریل پرائمری اسکول کا نام زبیدہ طارق پرائمری اسکول، شاہ خالد کالونی لانڈھی نمبر 3 کے عارف حسین میموریل پرائمری اسکول کا نام لیاقت علی خان میموریل اسکول، چراغ ہوٹل کورنگی نمبر 4 کے عارف حسین میموریل پرائمری اسکول کا نام مولانا حسرت موہانی پرائمری اسکول، کورنگی نمبر 4 نزد خواتین کالیج کے عارف حسین میموریل پرائمری اسکول کا نام ثمر مبارک پرائمری اسکول، 32 بی ایریا کورنگی کے عارف حسین میموریل پرائمری اسکول کا نام انور مقصود میموریل پرائمری اسکول، بلاک ایچ نارتھ ناظم آباد کی نذیر حسین اکیڈمی کا نام حبیب جالب اکیڈمی، بلاک 4 گلبرک ٹاؤن کی نذیر حسین یونیورسٹی کا نام منیر نیازی یونیورسٹی، 33 سی ایریا کورنگی کی نذیر حسین لائبریری کا نام شاہ عبد اللطیف لائبریری ، بلاک 13 گلبرگ ٹاؤن کی نذیر حسین لائبریری کا نام عبد اللہ شاہ غازی لائبریری ، پاک کالونی بڑا بڑا بورڈ کی خورشید بیگم میموریل حال ڈسپیسری کا نام شیخ ایاز میموریل ہال ڈسپینسری ، لیبر اسکوائر سائیٹ کی حفضہ الطاف ڈسپینسری کا نام وارث شاہ ڈسپینسری، ایف بی ایریا گلبرگ ٹاؤن کی نذیر حسین اسپتال کا نام ہوش محمد شیدی اسپتال، گلبرگ ٹاؤن بلاک 6 کے نذیر حسین کڈنی اسپتال کا نام مرزا کلیم بیگ اسپتال، لانڈھی نمبر 4 شاہراہ الطاف کا نام شاہراہ حفیظ جالندھری، کورنگی کراسنگ کے الطاف ٹاؤن کا نام اصحابی ٹاؤن، بلاک ایچ نارتھ ناظم آباد حفضہ الطاف اسٹریٹ کا نام بریز اسٹریٹ، ڈی سی آفیس سائیٹ کے برابر میں حفضہ الطاف برج کا نام میراج برج، سیکٹر 16 اورنگی ٹاؤن کے الطاف نگر کا نام محمد نگر، سعود آباد ملیر سٹی کے خورشید بیگم روڈ کا نام سیلانی روڈ، لیاقت آباد نمبر 10 کے انڈر پاس کا نام غلام فرید صابری انڈر پاس، عزیز آباد گلبرگ ٹاؤن کے خورشید بیگم کمیونٹی سینٹر کا نام عارفہ کریم رندھاوا کمیونٹی سینٹر، عزیز آباد گلبرگ ٹاؤن کے خورشید میموریل ہال کا نام مولانا یوسفزئی میموریل ہال، ناظم آباد کی نذیر حسین کرکٹ اکیڈمی کا نام عمر شریف کرکٹ اکیڈمی رکھا جائے ۔ محکمہ داخلہ کے ذرائع کے مطابق اجلاس میں محکمہ پولیس سندھ کی طرف سے کراچی میں اسٹریٹ کرائیم کی خاتمے اور اقدامات سے متعلق پریزنٹیشن دی جائے گی جبکہ سی ٹی ڈی اور دیگر خفیہ اداروں کی طرف سے کراچی میں دہشتگردی کے حالیہ واقعات سے متعلق بھی رپورٹ پیش کی جائے گی اور دہشتگردی کی روک تھا م کے اقدامات اور سہولت کاروں سے متعلق کمیٹی کو آگاہ کیا جائے گا۔ اجلاس میں چینی قونصلیٹ پر حملے کے بعد چینی باشندوں کی حفاظت سے متعلق کئے جانے والے اقدامات کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔اجلاس میں انسداد دہشت گردی سے متعلق مقدمات کا بھی جائرہ لیا جائے گا جس کے لئے پراسیکیوٹر جنرل اجلاس کو آگاہ کریں گے۔