اسٹیل ملزکو فعال کر نے کیلئے حبکو چیف کا دورہ ۔خصوصی بریفنگ لی
کراچی (اسٹاف رپورٹر) حب پاور کمپنی (حبکو) کے چیف ایگزیکٹو افسر اور 5 دیگر افراد نے گزشتہ روز اسٹیل مل کا دورہ کیا اس موقع پر وزارت کے ایڈیشنل سیکریٹری مطاہر نیاز رانا ان کے ہمراہ رہے وہ مشیر سرمایہ کاری عبدالرزاق داؤد کی ہدایت پر ایک روز قبل ہی اسٹیل ملز پہنچ گئے تھے وفد نے پاکستان اسٹیل کے تمام اہم پلانٹ اور کارخانوں سمیت واٹر سپلائی اور پورٹ قاسم پر اسٹیل مل کی گہرے پانی کی جیٹی (برتھ) اور وہاں موجود سہو لتوں کا بھی معائنہ کیا اور ضروری بریفنگ لی۔ واضح رہے کہ اسٹیل مل کو آپریشنل کرنے کے حکومتی اعلان کے بعد وزارت صنعتی پیداوار کے ایڈیشنل سیکریٹری مطاہر نیاز رانا مذکورہ افراد سے تفصیلی میٹنگ16نومبر کو کرچکے ہیں تاہم اس معاملے میں اسٹیل مل کے بورڈ آف ڈائریکٹر کے چیئرمین انجینئر میمن عبدالجبار کو یکسر نظر انداز کیا جارہا ۔ذریعے کا کہنا ہے کہ جلد ہی میٹلرجیکل انڈسٹری چلانے والے افراد پر مشتمل نیا بورڈ آف ڈائریکٹر تشکیل دیا جائے گا جبکہ اسٹیل مل کیلئے پروفیشنل منیجمنٹ ایوائنٹ کی جائیگی یہ کام سابق سیکریٹری ڈاکٹر ایم اکرم شیخ اور اسٹیل مل کے94۔1992تک چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل (ر) صبیح قمر الزماں کی مشاورت سے مکمل کئے جائیں گے یاد رہے کہ پاکستان اسٹیل کی40سالہ تاریخ میں 20میں سے صرف 2چیئرمین ٹیکنیکل تھے جبکہ 18نان ٹیکنیکل رہے ۔