مہنگائی کے سونامی میں عوام ڈوب رہے ہیں۔بلاول
سکھر (نمائندہ امت) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عوام مہنگائی کے سونامی میں ڈوب رہے ہیں ،پی ٹی آئی حکومت نے یو ٹرن لینا ہے تو گیس اوربجلی کی قیمتوں پر لےاحتساب کے نام پر انتقام لیا جا رہا ہے۔ معیشت کا برا حال ہے ۔سکھر میں جلسے سے خطاب میں بلاول بھٹو نے کہا کہ لاڈلے نے کھیلنے کو چاند مانگا،اسے پورا ملک دے دیا گیا،یہ ایسا لاڈلہ ہے جو چوری پر سینہ زوری بھی کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جو جنگ ہماری بہادر سیکورٹی فورسز نے لڑی، اس کے متعلق جب ملک کا وزیراعظم کہے گا کہ یہ جنگ ہماری نہیں تو شہیدوں کے ورثا پر کیا گزرے گی؟ خان صاحب آپ مانو یا نہ ما یہ ہماری جنگ ہے،پی پی کا مقابلہ ہمیشہ غیر جمہوری قوتوں اور ان کی سرپرستی میں پلنے والے لاڈلوں سے رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب ایک اور انوکھا لاڈلہ آگیا ہے یہ لاڈلہ یوٹرن لیتا ہے اور کہتا ہے جو یوٹرن نہیں لیتا وہ لیڈر نہیں۔ بلاول نے کہا کہ آپ نے گیس اور بجلی کی قیمت نہ بڑھانے پر یو ٹرن لیا ہے آپ نے امیروں پر ٹیکس لگانے اور غریبوں پر انویسٹ کرنے پر یوٹرن لیا ہے،آپ نے پروٹوکول اور بیرونی دوروں پر یو ٹرن لیا ہے،ہم اس یو ٹرن حکومت کا راستہ روکیں گے۔ پی پی چیئرمین نےعمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر لیڈر بننا ہے تو ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو سے سیکھو۔