گورنر پنجاب کی پیر پگاڑا سے ملاقات-سیاسی صورتحال پر گفتگو
کراچی (اسٹاف رپورٹر)گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے جمعہ کو حروں کے روحانی پیشوا اور مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ پیر صاحب پگارا سے ان کی قیام گاہ کنگری ہاوس میں ملاقات کی ۔اس موقع پر وفاقی وزیر فیصل واؤڈا اورسابق وفاقی وزیر پیر صدر الدین شاہ راشدی بھی موجود تھے۔ بات چیت کے دوران ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، سندھ میں اپوزیشن کے درمیان باہمی تعاون میں اضافے اور دوسرے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر پنجاب چوہدری سرور کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی موجودہ وفاقی حکومت اور وزیر اعظم عمران خان سندھ سمیت تمام صوبوں کے مسائل سے پوری طرح واقف ہیں، موجودہ حکومت نے اپنے گزشتہ 100روز میں ملک و قوم کو درپیش مسائل کے حل کے حوالے سے اپنی سمت کا تعین کرلیا ہے اور معاملات جلد بہتری کی جانب جائیں گے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوھدری سرور کا کہنا تھا کہ ھم نے انتخابات سے قبل وعدہ کیا تھا 50لاکھ گھر بنائیں گے،چیلنج ضرور ھے ناممکن نہیں بینکس بھی لون دینگے۔ یہ پہلی حکومت ہے جس نے سو روز میں احتساب کیلئے پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کیخلاف ہر کسی کا احتساب کریں گے، پیر پگاڑا میرے دوست ہیں ان کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔اس سے قبل وفاقی وزیر فیصل واؤڈا نے گورنر پنجاب کے اعزاز میں ناشتے کا اہتمام کیا تھا جس میں حلوہ پوری کھلائی گئی۔ اس موقع پر گورنر سندھ عمران اسماعیل بھی موجود تھے۔ اس موقع پر دفاعی نمائش کے حوالے سے گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ دفاعی نمائش دیکھ کر فخرمحسوس ہوا، اس سے کامیاب ایکسپو یورپ میں بھی نہیں دیکھا،مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ گورنرپنجاب آئیڈیاز میں شرکت کے لئے آئے ہیں، 72سے زیادہ ممالک کی شرکت تھی۔ انہوں نے کہا کہ فیصل واؤڈا نے حلوہ پوری کھلائی ہے۔