خستہ حال مہران ہائی وے 2 نوجوانوں کی جان لے گئی

0

کراچی (رپورٹ : خالد زمان تنولی) لانڈھی صنعتی ایریا 8000 روڈ کی تعمیر میں سست روی کے باعث تباہ حال مہران ہائی وے 2 نوجوانوں کی جان لے گئی، شکستہ شاہراہ پر مال بردار ہیوی گاڑیاں حادثات کا سبب بننے لگیں، جمعرات کے روز تیز رفتار ڈمپر نے موٹر سائیکل پر سوار 2 دوستوں کو کچل دیا۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ آبادی کے درمیان ہیوی گاڑیوں کے گزرنے سے آئے روز حادثات معمول بن چکے ہیں، جبکہ واٹر ٹینکرز سے گرنے والا پانی مذکورہ سڑک کو مزید تباہ کرر ہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق قائد آباد کے علاقے شیر پاؤ کالونی مہران ہائی وے پر جمعرات کو تیز رفتار ڈمپر نے موٹر سائیکل پر سوار 2نوجوانوں کو کچل دیا اور ڈرائیور فرار ہو گیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ادارے موقع پر پہنچ گئے اور لاشوں کو ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں متوفین کی شناخت 21سالہ انس ولد گل زمین اور 19سال ارشد ولد عثمان کے نام سے ہوئی۔ ’’امت‘‘ کو متوفی کے دوست ماجد نے بتایا کہ انس بیکری میں کام کرتا تھا اور عثمان کمپنی میں ابھی ہی کچھ ماہ قبل کام کرنا شروع کیا تھا اکثر شام میں ہم تینوں ایک ساتھ ہوتے تھے، گزشتہ روز دونوں کی چھٹی تھی اور ایکساتھ موٹر سائیکل پر لانڈھی میں کسی کام کے سلسلے میں جا رہے تھے کہ شیر پاؤ کالونی اقصیٰ مسجد سے چند قدم آگے تیز رفتار ڈمپر نے ٹکر ماری اور دونوں کو کچل دیا۔ متوفین کے دوست نے بتایا کہ جائے وقوعہ پر موجود افراد کا کہنا تھا کہ موٹر سائیکل پر سوار دونوں لڑکے صحیح سمت میں آ رہے تھے کہ پیچھے سے آنے والے تیز رفتار ڈمپر نے کچل دیا۔ ماجد نے بتایا کہ انس کا والد آبائی گاؤں میں چھوٹا سا کاروبار کرتا ہے ، جبکہ متوفی انس گل احمد کے علاقے میں اپنی ہمشیرہ کے ساتھ رہتا تھا اور متوفی عثمان لانڈھی ہڈی مل کے علاقے کا رہائشی تھا، مذکورہ واقعہ رونما ہونے کے بعد سے مہران ہائی وے کے اطراف مقیم لوگوں میں اشتعال پایا جاتا ہے کہ لانڈھی صنعتی ایریا 8000روڈ کی تعمیرمیں سست روی کے باعث مذکورہ سڑک پر مال بردار گاڑیوں جن میں ڈمپر اور خاص طور پر واٹر ٹینکرز کے ڈرائیور جلد بازی کا مظاہرہ کرتے ہیں، جس کی وجہ سے حادثات معمول بنتے جا رہے ہیں۔ مکینوں کا کہنا تھا کہ خستہ حال سڑک پر واٹر ٹینکرز سے 24گھنٹے گرنے والا پانی سڑک کی مزید تباہی کا باعث بنتا جا رہا ہے۔ علاقہ مکینوں نے بتایا کہ چند ماہ قبل بھی مذکورہ سڑک پر مال بردار ہیوی گاڑی سے کنٹینر الٹنے پر موٹر سائیکل پر سوار فیملی جن میں خاتون اور بچہ موقع پر ہی ہلاک جبکہ میاں زخمی ہو گیا تھا۔ مکینوں نے لانڈھی ایسوسی ایشن اور صوبائی حکومت سے اپیل کی کہ لانڈھی کی اہم شاہراہ کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے، تاکہ آئے روز ہونے والے حادثات میں قیمتی جانیں ضائع ہونے سے بچ سکیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More