پنجاب میں شدید دھند کے دوران حادثات سے 2 جاں بحق
لاہور ؍ خانیوال ؍ احمد یار ؍ عارف والا( مانیٹرنگ ڈیسک ) پنجاب میں شدید دھند کے باعث لاہور سے خانیوال موٹر وے کو ہر قسم کی ٹریفک کیلئے علی الصبح بند کر دیا گیا جبکہ اسی دوران المناک حادثات میں کانسٹیبل سمیت 2افراد جاں بحق ہو گئے ۔دسمبر کے پہلے ہی روز ملک اکثر علاقوں میں سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ۔محکمہ موسمیات نےآئندہ چند روز میں مزید خشک سردی پڑنے کا اندیشہ ظاہر کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق سردیاں آتے ہی پنجاب کے مختلف علاقوں میں علی الصبح سے ہی فضا پر دھند چھانے لگی ہے۔ ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق پنجاب کے دیگر علاقوں میں بہاولپور، صادق آباد ، منچن آباد اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی صبح سے دھند موجود ہے۔قومی شاہراہ پر ساہیوال، ہڑپہ، چیچہ وطنی، پاک پتن، عارف والا اور ملحقہ علاقوں میں شدید دھند کے باعث ٹریفک کی روانی آور لوگوں کو آمد و رفت میں مشکلات کا سامنا رہا۔ شدید دھند سے حد نگاہ کم ہو گئی ۔موٹر وے پولیس نے شہریوں کو محتاط ڈرائیونگ اور فوگ لائٹس استعمال کرنے کی ہدایت کی ہےموٹر وے ترجمان عمران احمد شاہ کے مطابق شہری غیر ضروری سفر اور تیز رفتار ڈرائیونگ سے گریز کریں اور کسی بھی مشکل کی صورت میں ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کریں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق یہ صورت حال آئندہ کئی روز تک برقرار رہ سکتی ہے۔ گرد و غبار کی موجودہ صورتحال غیر معمولی ہے اور آئندہ چند روز تک پنجاب کے میدانی علاقوں میں بارش کا امکان نہیں۔ دسمبرکے آغاز کے ساتھ ہی کراچی میں بھی سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ۔محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ کراچی کو موسم آئندہ دو روز تک خشک اور سرد رہے گا۔ پنجاب اور کشمیر کے اکثر اضلاع میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے تاہم لیہ اور کوٹ ادو میں شدید دھند پڑی ہوئی ہے جس کے باعث حد نگاہ انتہائی کم ہوکر رہ گئی ۔ دھند اور شدید سردی کی بدولت ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی ہے۔محکمہ موسمیات نے کہا کہ بلوچستان میں سوموار موسم سرد اور خشک رہے گا اور سب سے زیادہ سردی زیارت میں پڑ سکتی ہے جہاں کا درجہ حرارت صفر ڈگری سینٹی گریڈ تک گر سکتا ہے۔ادھر احمدیار میں شدید دھند میں ٹریفک کے المناک حادثات میں کانسٹیبل سمیت2 افراد جاں بحق ہو گئے ۔ نواحی گاؤں 34/EB کے نزدیک تیز رفتار اے۔ سی بس نے ٹرالر کو اوورٹیک کرتے ہوئے پیٹرولنگ پولیس کے کانسٹیبل منیر احمد کو کچل دیا جس سے وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر جاں بحق ہو گیا جبکہ نواحی گاؤں67/EBکے نزدیک تیز رفتار بس اور موٹر سائیکل میں ٹکر سے20سالہ عمران سکنہ 61/EB زندگی کی بازی ہار گیا ۔دونوں لاشوں کو ریسکیو اہلکاروں نے پوسٹ مارٹم کیلئے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال عارف والہ پہنچا دیا جبکہ دونوں بس ڈرائیور جائے وقوعہ سے فرار ہو گئے پولیس مصروف تفتیش ہے۔ بتایا گیا ہے کہ حادثات شدید دھند کے باعث رونما ہوئے ۔