بیونس آئرس(مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی اور چینی صدور نے ایک دوسرے کی مصنوعات پر عائد ٹیکسوں کی نئے شرح کو معطل کر کے معاملات کے حل کے لیے مذاکرات پر اتفاق کرلیا ہے۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق ارجنٹائن میں جی-20 سمٹ کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور چینی ہم منصب شی جن پنگ کے درمیان کامیاب ملاقات میں فریقین کے درمیان تجارتی اور معاشی تنازعات پر قائم ڈیڈ لاک عارضی طور پر ختم ہوگیا ہے۔امریکی اور چین کے صدور نے ایک دوسرے کی درآمدی اشیاء پر لگائے جانے والے ٹیکسوں کی نئی شرح کو 90دن کے لیے معطل کردیا ہے اور اس دوران معاشی تنازعات کو حل کرنے کے لیے مذاکرات پر اتفاق کرلیا ہے۔ فریقین نے ایک دوسرے کی مصنوعات پر جنوری 2019سے ٹیکسوں کی نئی شرح عائد کرنے کا اعلان کیا تھا۔امریکا اور چین کے درمیان تجارتی تنازعے کا آغاز صدر ٹرمپ کے پہلے خطاب سے ہی شروع ہو گیا تھا لیکن اس تنازع نے تجارتی جنگ کی شکل اس وقت اختیار کرلی جب صدر ٹرمپ نے امریکی تجارتی پالیسی کو احمقانہ قرار دیتے ہوئے تجارتی جنگ کو پسندیدہ امر قرار دیا۔