لاشوں کا بھارتی اسمگلر 50 انسانی ڈھانچوں سمیت گرفتار
نئی دلی(امت نیوز)بھارت میں لاشوں کے اسمگلر سنجے پرشاد کو 50 انسانی ڈھانچوں کے ساتھ گرفتار کر لیا گیا ۔ سنجے پرشاد کو بہار کے چھاپرا ریلوے اسٹیشن پر16کھوپڑیاں اور34 مکمل یا جزوی ڈھانچوں سمیت دھر لیا گیا ۔تمام انسانی باقیات یوپی کے علاقے بالیا سے لی گئیں اور انہیں بھوٹان کے راستے چین لے جایا جا نا تھا۔پولیس افسر محمد تنویر کے مطابق پرشاد کا تعلق بڑے نیٹ ورک سے ہے جو ہمالیائی خطے میں عاملوں، تانترکوں و جادوگروں کو انسانی ہڈیاں سپلائی کرتا ہے۔ملزم نے مسلم و عیسائی قبرستانوں سے ہڈیاں چرانے کا اعتراف کیا ہے۔بھارت میں ایسا بھی ہوتا ہے کہ شمشان گھاٹ کا عملہ جلانے کیلئے لائی گئی لاشیں کو بیچ دیتے ہیں اور اہلِ خانہ کو اگلے روز کسی اور جگہ سے لائی ہوئی راکھ دیدی جاتی ہے۔ملزم کے قبضے سے بھوٹانی و نیپالی کرنسی، 2سم کارڈ و دیگر اشیا بھی ملی ہیں ۔