عمران کی اپنی کارکردگی حکومت گرانے کیلئے کافی ہے-مریم اورنگزیب

0

اسلام آباد(امت نیوز)مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی نے وزیر اعظم کے انٹرویو پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران صاحب نے بیان دیا کہ اپوزیشن اُن کی حکومت کو گرانے کی کوشش کر رہی ہے، اپوزیشن کو حکومت گرانے کے لیے اقدامات کرنے کی ضرورت نہیں، عمران خان کی ٹیم اور ان کی کارکردگی حکومت گرانے کے لیے کافی ہے۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ حکومت چلانا عمران خان اور ان کی ٹیم کے بس کی بات نہیں ہے، وزیر اعظم کا یہ کہنا کہ عوام کے لیے باعث تشویش ہے کہ انتخابات قبل از وقت ہوں گے، قبل از وقت انتخابات کے بیان کے بعد عمران خان اپنی کُرسی پر نہ بیٹھیں۔انہوں نے مزید کہا کہ جس وزیر اعظم کو اپنی حکومت پر اعتماد نہیں، وہ ایک منٹ بھی اپنی کرسی پر نہ بیٹھے۔عمران خان کو اہلیہ سے اپنے وزیر اعظم ہونے کا پتہ چلتا ہے، اور ٹی وی سے ڈالر مہنگا ہونے کا پتہ چلتا ہے، پاکستان کی عوام عمران خان کی حیثیت کو پہچان چکی ہے۔ترجمان بلاول بھٹو زرداری سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے بھی وزیر اعظم عمران خان کے بیان پر اپنے ردعمل میں کہا کہ مڈٹرم الیکشن سے متعلق عمران خان کے بیان پر تعجب اور مایوسی کا اظہار کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک کی معاشی صورتحال اچھی نہیں، معیشت کو غیر یقینی صورتحال کا سامنا ہے، متوسط طبقہ معاشی غیر یقینی کی فضا کی بھاری قیمت چکا رہا ہے۔مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ وزیر اعظم اپنی اور ٹیم کی کارکردگی سے غیر مطمئن ہیں تو انہیں سرعام اس کا اظہار نہیں کرنا چاہیے، وزیر اعظم کے ایسے بیان سے غیر یقینی کی فضا میں مزید اضافہ ہو گا۔ترجمان عوامی نیشنل پارٹی زاہد خان کا کہنا تھا کہ عمران خان سے سوال ہونا چاہیے کہ وہ نیب کے چیئرمین سے کیوں ملے، عمران خان سے پوچھنا چاہیے کہ نیب نے تو صرف شہباز شریف کو پکڑا ہوا ہے جب کہ عمران خان پر خود نیب کا کیس ہے اور ان کے ساتھی نیب زدہ ہیں۔ عمران خان احتساب سے متعلق اتنے سنجیدہ ہیں تو احتساب کمیشن کو کیوں بند کیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More