سواارب کی بدعنوانی پر ڈاکٹرکیخلاف ریفرنس
اسلام آباد(آن لائن)قومی احتساب بیورو (نیب) راولپنڈی نے ایک ارب 28 کروڑ روپے کی بدعنوانی میں ملوث چیف ایگزیکٹو آفسیرگلوبل ہیلتھ سروسز ڈاکٹر شوکت علی بنگش کے خلاف احتساب عدالت اسلام آباد میں بدعنوانی کاریفرنس دائر کیا ہے، ملزمان نے گلوبل ہیلتھ سروسز کے نام پر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سے جعلی سرمایہ کاری کے نام پر لوٹ مار کی۔ اس وقت امریکا میں تعینات پاکستانی سفیر جلیل عباس جیلانی نے چیئرمین نیب کو 11مئی 2016ء میں ایک خط لکھا تھا، جس میں انہوں نے لکھا تھاکہ اس سکینڈل سے بیرون مقیم پاکستانیوں کی پاکستان میں سرمایہ کاری سے نہ صرف حوصلہ شکنی ہوگی بلکہ اس سے بیرون ملک پاکستان کا تشخص خراب ہوا ہے اور سفارتخانے کی قومی ترقی میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو شامل کرنے کی کوششیں متاثر ہوئی ہیں۔