بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں سے متعلق جواب جمع نہ کرانے پر عدالت برہم
کراچی(اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائیکورٹ نے سالوں سے پھنسے بیرون ملک پاکستانیوں کی وطن واپسی موثر جواب جمع نہ کرانے پر ڈپٹی اٹارنی جنرل پر اظہار برہمی کرتے ہوئے آئندہ سماعت پرڈائریکٹرایمیگریشن لاء کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔دورکنی بینچ کےروبروسالوں سےپھنسے بیرون ملک پاکستانیوں کی وطن واپسی سے متعلق سماعت ہوئی۔علاوہ ازیں سندھ ہائیکورٹ نے سانحہ بلدیہ، عزیر بلوچ اور نثار مورائی کی جے آئی ٹی منظر عام پر لانے کی وفاقی وزیر پورٹ اینڈ شپنگ علی زیدی کی درخواست پر آئندہ درخواستگزار کے وکیل کو دلائل جاری رکھنے کا حکم دیدیا۔ دو رکنی بینچ کے روبرو سماعت ہوئی۔ درخوستگزار وفاقی وزیر علی زیدی کے وکیل عمر سومرو عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے عمر سومرو سے مکالمہ میں کہا کہ عدالت کو مطمین کریں کہ درخواست سننے کے قابل ہے کہ نہیں۔ سندھ ہائیکورٹ نے مردم شماری میں استعمال کی جانے والے گاڑی کو معاوضے کی عدم ادائیگی سے متعلق ڈی سی جنوبی اور ایڈیشنل ڈی سی کو 13دسمبر کو ذاتی طور پر طلب کرلیا۔ دو رکنی بینچ کے روبرو مردم شماری میں استعمال کی جانے والے گاڑی کو معاوضے کی عدم ادائیگی سے متعلق سماعت ہوئی۔ دریں اثنا سندھ ہائیکورٹ نے سندھ پولیس فنڈ میں کروڑوں کی کرپشن کے دوسرے ریفرنس میں سابق آئی جی غلام حیدر جمالی اور دیگر کی ضمانت کی درخواستوں پر درخواست گزار کے وکیل کو نیب کو بھیجی گئیں پلی بارگین کی درخواست سے متعلق ٹرائل کورٹ کو آگاہ کرنے کی ہدایت کردی۔