حکومت کے100روزہ پلان پر صرف 27فیصد شہری مطمئن
اسلام آباد(امت نیوز)انسٹی ٹیوٹ فار پبلک اوپینین ریسرچ کے تحت کیے گئے سروے کے مطابق 27 فیصدپاکستانی سمجھتے ہیں کہ پی ٹی آئی کی وفاقی حکومت 100 دن کے پلان پر عمل درآمد میں کامیاب رہی۔23 فیصد افراد کی رائے میں حکومت مکمل ناکام ہو گئی ہے۔30 فیصد شہریوں کا کہنا تھاکہ ابھی اس بارے میں تبصرہ کرنا انتہائی قبل از وقت ہو گا۔سروے چاروں صوبوں کے 2 ہزار 41 بالغ افراد سے 29 نومبر سے یکم دسمبر کے دوران کمپیوٹر اسسٹنٹ ٹیلی فونک انٹرویوز کی مدد سے کیا گیا۔سروے میں یہ بات سامنے آئی کہ47 فیصد افراد حکومتی کارکردگی سے مطمئن ہیں ۔خیبر پختون سے 51و پنجاب کے 43 فیصد لوگ مطمئن ہیں ۔مجموعی کارکردگی کے لحاظ سے وزیراعلیٰ سندھ سے سب سے زیادہ 16 فیصد عوام مطئن ہیں ۔وزیراعلیٰ پنجاب کی کارکردگی سے 13، وزیراعلیٰ خیبرپختون10اور وزیراعلیٰ بلوچستان کی کارکردگی سے محض2 فیصد عوام مطمئن نظر آئے۔پنجاب کے بیشتر لوگوں نے موجودہ وزیراعلیٰ کے مقابلے میں سابق وزیر اعلیٰ کی کارکردگی کو بہتر قرار دیا۔پچھلی پنجاب حکومت سے مطمئن افراد کا تناسب 45 فیصد تھا جبکہ موجودہ پنجاب حکومت سے مطمئن افراد کا تناسب کم ہو کر31 فیصد رہ گیا ہے۔ملکی سطح پر بھی شہباز شریف سے مطمئن افراد کا تناسب 34 فیصد اور موجودہ وزیراعلیٰ پنجاب سے 26 فیصد افراد مطمئن ہیں۔اس سوال پر کہ پی ٹی آئی حکومت نے کون سے بہترین اقدام کیے۔ جواب میں 17 فیصد نےکرپشن کے خلاف کارروائی، 11 فیصد نے ڈیم تعمیر، 10 فیصد نے انسداد تجاوزات آپریشن، 6 فیصد نے پالیسی اصلاحات اور 3 فیصد نے شیلٹر ہوم پروجیکٹ کو بہترین اقدام قرار دیا۔شہریوں کے مطابق موجودہ حکومت کو5بڑے چیلنجز کا سامنا ہے۔ 22 فیصد نے مہنگائی میں کنٹرول، 9 فیصد نے غربت کا خاتمہ، 9 فیصد بےروزگاری پر قابو پانے، 7 فیصد نے کرپشن پر قابو اور 5 فیصد نے آئی ایم ایف کے قرض سے نمٹنے کو سب سے بڑا چیلنج قرار دیا۔