جیکب آباد کی کورار برادری میں تصادم سے 28زخمی
جیکب آباد (خبر ایجنسیاں) جیکب آبادمیں کورار برادری کے دوگروپوں میں تلخ کلامی پر جھگڑ ا ہو گیا جس میں عورتوں، بچوں سمیت 28افراد زخمی ہو گئے، جن میں 2کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے، جبکہ سول لائن کے علاقے سے پولیس اہلکار کی موٹر سائیکل چوری کر لی گئی۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آبادکے دلمراد تھانہ کی حدودمیں واقع قصبہ رانجھن کورار میں معمولی بات پر کورار برادری کے دوگروپوں میں جھگڑاہوگیا ڈنڈوں، لاٹھیوں کے آزادانہ استعمال سے عورتوں بچوں سمیت 28افراد زخمی ہوگئے جنہیں سول اسپتال لے جایاگیا زخمیوں میں محمد آچر، میر محمد، محمد حنیف، میر حسن، فیض محمد، مسماۃ اللہ ڈنی،نبی بخش، مسمات زاہدہ، خان محمد، محسن، منٹھار علی، نبی بخش، مسمات نصرت بیگم اوردیگر شامل ہیں زخمیوں میں دوکی حالت نازک بتائی جاتی ہے جنہیں لاڑکانہ منتقل کیاگیاہے دوسری جانب محمد ملوک نے پولیس پرالزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ گزشتہ روز فریقین میں معمولی جھگڑا ہوا پولیس کو اطلاع دی تاہم پولیس نے کچھ نہیں کیا جس کے باعث جھگڑا بڑھ گیا زخمیوں کے ورثا نے پولیس کے خلاف ایس ایس پی ہاؤس کے سامنے سخت احتجاج کیا اور ایس ایچ اوکو ہٹانے کامطالبہ کیا۔ دریں اثنا سول لائن تھانے کی حدود میں واقع سول اسپتال میں علاج کے لیے آنے والے پولیس اہلکار شاکر رضا برڑو کی نئی سی ڈی موٹرسائیکل نامعلوم چور لے فرارہوگئے۔