علامہ یوسف سلطانی کی جیل میں وفات کے ذمہ دار حکمران ہیں-شفیق امینی
پشاور(امت نیوز)تحریک لبیک پاکستان کے قائم مقام امیر ڈاکٹر علامہ محمد شفیق امینی نے تحریک لبیک کے 90سالہ اسیر رہنماء اور پیر افضل قادری کے ماموں علامہ محمد یوسف سلطانی کے حاصل پورجیل میں انتقال پر افسوس اور ان کے خاندان سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں ۔ہم یہ سمجھتے ہیں کہ انہوں نے اپنے اسلاف کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ایک نئی تاریخ رقم کر دی ہے جس پر ان کے اہل خانہ اور حضور کے غلاموں کو ہمیشہ فخر ہو گا مگر امت مسلمہ اور بالخصوص پاکستان کے عوام کیلئے یہ ایک المیہ اور لمحہ فکریہ ضرور ہے کہ90 سال کے ایک بزرگ کو جیل میں بند کیاگیا اور پھر ان کے اہل خانہ کو ملاقات کی اجازت بھی نہیں دی گئی اور ظلم و بربریت کی داستان رقم کی گئی شاید پاکستان کی ستر سالہ تاریخ میں ایک سیاہ ترین باب کا اضافہ ہواہے ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم ،وزیر داخلہ سے لیکر علاقے کے ڈی آئی جی ،ڈی پی او اور انسپکٹر تک اس واقعہ سے کبھی بھی بری الذمہ نہیں ہو سکتے ۔اس دکھ کی گھڑی میں مرحوم کے درجات کی بلندی اورلواحقین کیلئے صبر و جمیل کی دعا فرماتے ہیں اور اس عزم کا اظہار کرتے ہیں کہ ہم مفتی صاحب مرحوم کے اس مشن اور اس قربانی کو آگے بڑھائیں گے اور انشاء اللہ حضور کی عزت و ناموس کیلئے ایک قدم بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے ۔