انجنیئرنگ یونیورسٹی پشاور میں مصنوعی زلزلے کا تجربہ
پشاور(نمائندہ امت) ا نجینئرنگ یونیورسٹی پشاورکے ارتھ کیویک انجینئرنگ سنٹر میں کل جدید ترین 6×6میٹر کے شیک ٹیبل پر مصنوعی زلزلے کا تجربہ کیا گیا۔تجربہ بلڈنگ کی ایک بڑی ماڈل پر کیا گیا۔ تجربے کی نگرانی ارتھ کیویک انجینئرنگ سنٹر کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر سید محمد علی اور چئیرمین شعبہ سول انجینئرنگ پروفیسر ڈاکر قیصر علی کررہے تھے۔ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر سید محمد علی نے تقریب کے شرکاء کو ایک تفصیلی پرزنٹیشن دی اور ارتھ کیویک انجینئرنگ سنٹر کے بارے میں تفصیلی آگاہ کیا۔واضح رہے کہ ارتھ کیویک انجینئرنگ سنٹر میں نصب شدہ شیک ٹیبل دنیا میں چوتھے نمبر پر جبکہ ایشیا ء میں جاپان کے بعد دوسرے نمبر پر ہے۔ یہ تجربات ایشین ڈیویلپمنٹ بینک کے ایک پراجیکٹ کے تحت نیپال کیلئے کئے جارہے ہیں جس کے نتائج نیپال میں زیادہ شدت سے آنے والے زلزلوں کے علاقوں میں سکولوں کی عمارات بنانے کیلئے استعمال ہونگے جس کی لاگت کم سے کم ہوگی۔