ڈرگ لیب میں مشینری کی تنصیب سے ادویات چیک کرنا ممکن ہوگیا

0

کراچی (رپورٹ : صفدر بٹ) ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری میں جدید مشینری اور ضروری آلات کی تنصیب سے انجیکٹ ایبل آئٹمز سمیت ہر قسم کی ادویات کے معیار کی تصدیق ممکن ہوگئی ہے، ضروری تشخیصی آلات و مشینری کی کمی اورمتعدد آلات کی خرابی کے باعث اہم لیب کئی برس سے عملاً غیر فعال اور اس کی کارکردگی نہ ہونے کے برابر تھی، جبکہ وفاقی لیبارٹری نے بھی فیسوں کی عدم ادائیگی کے باعث مزید خدمات فراہم کرنے سے انکار کردیا تھا۔ صوبائی محکمہ صحت کی توجہ ملنے سے ڈرگ لیب اعلیٰ صلاحیت کی حامل لیبارٹری میں تبدیل ہوگئی ہے، جہاں تمام ادویات کے نمونوں کی تصدیق و جانچ کی سہولت میسر ہے۔تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل چیف سیکریٹری و صوبائی سیکریٹری صحت ڈاکٹر عثمان چاچڑ کی خصوصی توجہ ملنے سے انتہائی زبوں حالی کا شکار ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری ادویات کے نمونوں کی جانچ و تشخیص کیلئے جدید آلات و مشینری فراہم کئے جانے سے اعلیٰ معیار کی لیبارٹری میں تبدیل ہو گئی ہے، جہاں اب ہرقسم کی ادویات کا معیار جانچنے کی تمام سہولیات موجود ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ لیبارٹری میں آلات کی خرابی اور مطلوبہ کیمیکلز کی عدم دستیابی کےسبب کئی برس سے انجیکٹ ایبل ادویات کے جانچ کیلئے سہولت نہیں تھی اور چھاپوں کے دوران ضبط مشتبہ غیر میعاری و جعلی انجکشن کے نمونےوفاقی لیبارٹری بھجوائے جاتے تھے، تاہم فیس کی عدم فراہمی پر وفاقی لیبارٹری نےمعذرت کرلی تھی، جس پر کئی برس سے ڈرگ انسپکٹرز نےغیر معیاری، جعلی و مشتبہ انجکشن کے نمونےضبط کرنے کا سلسلہ ترک کر رکھا ہے۔امت کے رابطے پر ڈرگ لیبارٹری کے سربراہ ڈاکٹرعدنان رضوی نےبتایا کہ ادویہ کی جانچ کیلئے ہائی پرفارمنس لیکوئڈ کرومیٹو گرافی(ایچ پی ایل سی) اور اسپیکٹرو فوٹو میٹر سمیت دیگر نئے آلات و مشینری منگوائی گئی ہے،جس سے لیب کی صلاحیت میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سیکریٹری صحت آئندہ ہفتے لیب کا دورہ کرکے موجود سہولیات کا جائزہ لیں گے ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More