ماہی گیروں کے مثالی اتحاد سے مفاد پرست ٹولے کو مایوسی ہوئی- عبدالبر
کراچی (اسٹاف رپورٹر)نئی ڈیپ سی پالیسی کیخلاف ماہی گیروں کی جدوجہد مثالی تھی،ماہی گیروں کا مثالی اتحاد دیکھ کر ماہی گیروں کے دشمنوں اور مفاد پرست ٹولے کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑا۔ان خیالات کا اظہار چیئرمین فشر مینز کوآپریٹیو سوسائٹی عبدالبر نے کراچی فش ہاربر پر آل بونا فائیڈ ماہی گیروں کی جانب سے اظہار یک جہتی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈیپ سی پالیسی کے خلاف ہڑتال کے دوران چھوٹے ماہی گیروں کی مچھلیاں لوٹنے والے ہرگز ماہی گیر نہیں ہو سکتے۔اورماہی گیر کبھی دوسرے ماہی گیر کو نقصان نہیں پہنچا سکتا۔ماہی گیروں کی مچھلیاں لوٹنے والے شرپسندوں کی نشاندہی کی جائے تاکہ ان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔چیئرمین ایف سی ایس نے کہا کہ ہر معاملے میں اپنے ماہی گیروں کے ساتھ ہے۔ دریں اثناء وائس چیئرمین ابوذر ماڑی والا نے اظہار یک جہتی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی فش ہاربر اتھارٹی میں ایف سی ایس کی نمائندگی کے ساتھ بورڈ کی تشکیل جلداز جلد ہونی چاہیے۔تاکہ ماہی گیروں کے نمائندے ماہی گیروں کی سہولت کے مطابق پالیسیاں وضع کر سکیں۔ اظہار یک جہتی جلسے میں ڈائریکٹرز آصف بھٹی،وڈیرہ حبیب اللہ،ڈاکٹر یوسف،حنیف لاڑا، عبدالروف ابراہیم اور فیکٹری اونرز ایسوسی ایشن کے صدر کیپٹن سید اخلاق حسین و دیگر بھی موجود تھے۔