بھارتی ٹیم پہلی اننگز میں 250 رنز پر آئوٹ
ایڈیلیڈ(امت نیوز) بھارتی ٹیم آسٹریلیا کے خلاف پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں 250 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی، جوش ہیزلووڈ نے 3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، جواب میں آسٹریلوی ٹیم نے دوسرے روز کھیل ختم ہونے تک اپنی پہلی اننگز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 191 رنز بنا لئے تھے اور اسے حریف ٹیم کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کیلئے مزید 59 رنز درکار ہیں اور اس کی 3 وکٹیں باقی ہیں، ٹریوس ہیڈ بھارتی بائولرز کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن گئے، انہوں نے مشکل وقت میں انتہائی شاندار اور ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 61 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر نہ صرف ٹیم کو سہارا دیا بلکہ اسے مکمل تباہی سے بچایا، مچل سٹارک 8 رنز بنا کر ان کا ساتھ دے رہے ہیں۔ ایشون نے 3 وکٹیں لیں۔ جمعہ کو ایڈیلیڈ ٹیسٹ کے دوسرے روز بھارتی ٹیم نے 250 رنز 9 کھلاڑی آئوٹ پر پہلی ادھوری اننگز دوبارہ شروع کی تو دن کے پہلے ہی اوور کی پہلی گیند پر ہیزلووڈ نے شامی کو آئوٹ کر دیا، اسطرح بھارتی ٹیم اننگز میں ایک بھی رن کا اضافہ نہ کر سکی، شامی 6 رنز بنا کر چلتے بنے، ہیزلووڈ نے 3، سٹارک، پیٹ کمنز اور نیتھن لیون نے 2، 2 وکٹیں لیں۔ جواب میں آسٹریلوی ٹیم پہلی اننگز میں مشکلات کا شکار ہے ۔
٭٭٭٭٭