تجاوزات آپریشن کے خلاف جماعت اسلامی کا پریس کلب پر دھرنا

0

کراچی (اسٹاف رپورٹر) تجاوزات کی آڑ میں ہزاروں خاندانوں کی بربادی کیخلاف جماعت اسلامی کراچی کے تحت کراچی پریس کلب پر دھرنا دیا گیا۔دھرنا سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمنٰ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نمائشی اقدامات کرنے کے بجائے متاثرین کی بحالی کا واضح طور پر اعلان کریں ۔ ہزاروں بے دخل، بے روزگار اور بے گھر افرد کو دوبارہ وہیں بسایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ہزاروں متاثرین کی دادرسی کیلئے سپریم کورٹ میں جلد پٹیشن دائر کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ تاجروں، دکاندروں کے روزگار تباہ کرنے پر پی ٹی آئی، متحدہ اور پیپلزپارٹی پہلے خاموش رہیں، اب مگرمچھ کے آنسو بہا رہی ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سپریم کورٹ کے حکم کی آڑ میں ظلم وزیادتی اور ناانصافی کا سلسلہ ختم کیا جائے، ہزاروں متاثرین کا مسئلہ حل نہ ہوا تو گورنر ہاؤس پر بھی احتجاجی دھرنا دیا جائے گا۔ دھرنے میں مختلف مارکیٹوں کی تنظیموں وایسوسی ایشنز کے عہدیداران متاثرہ تاجروں دکانداروں، سرکلرر ریلوے کے متاثرین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ دھرنے سے رکن سندھ اسمبلی عبدالرشید سیف الدین ایڈووکیٹ نجیب ایوبی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔انہوں نے کہا کہ لوگوں کے روزگار اور گھر بارتباہ کرنے سے صورتحال انتہائی سنگین شکل اختیار کرگئی ہے ۔ اسے کسی صورت میں بھی اس طرح برقرار نہیں رکھا جاسکتا۔ جماعت اسلامی متاثرین کے ساتھ ہے ان کہ ہرممکن قانونی وسیاسی مدد اور ان کے حق کے لیے جدوجہد کرے گی۔ ہم کسی مخصوص علاقے کے لوگوں کی بات نہیں کرتے بلکہ ہر طرح کے متاثرین ہر علاقے اور تجارتی مراکز میں جوکارروائیاں کی گئیں اور کی جارہی ہیں ان سب کے حوالے سے واضح طور پر اعلان کرتے ہیں کہ ہم تمام متاثرین کے ساتھ ہیں اور ان کا حق دلانے کی جدوجہد جاری رکھیں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More