ایمپریس مارکیٹ کے 280 متاثرین نے تجاوزات آپریشن چیلنج کردیا

0

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ایمپریس مارکیٹ کے اطراف گرائی گئی280 دکانوں کے مالکان نےتجاوزات کے خلاف آپریشن سندھ ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا اورمطالبہ کیا ہے کہ ان کی دکانیں دوبارہ تعمیر کرائی جائیں۔عدالت میں دائر درخواست میں میئرکراچی، ایس بی سی اے، آئی جی سندھ اوردیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔دوسری جانب کراچی کے 4اضلاع میں انہدامی کارروائیاں جاری ہیں۔ شرقی کے علاقے پہلوان گوٹھ اور ملیر میں مزید 160دکانیں اور دیگر تجاوزات مسمار کردی گئیں۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں تجاوزات سے متعلق آپریشن کے خلاف ایمپریس مارکیٹ کے متاثرین نے سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی۔جس میں میئرکراچی، ایس بی سی اے، آئی جی سندھ اوردیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں موقف اختیارکیا گیا ہے کہ ایمپریس مارکیٹ کا شمارکراچی کی بڑی مارکیٹوں میں ہوتا تھا، ایمپریس مارکیٹ میں ان کی دکانیں باقاعدہ الاٹ اورسرکاری کرائے پر تھیں۔ تجاوزات کی آڑ میں 280سے زائد جائز دکانیں بھی مسمارکردی گئیں۔درخواست میں ایمپریس مارکیٹ کے متاثرین نے دکانیں دوبارہ تعمیر کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ میئرکراچی و دیگر حکام کی جانب سے اس اقدام کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے مارکیٹ دوبارہ تعمیرکرنے کی ہدایت کی جائے۔ایک نجی ٹی وی کے مطابق مئیر کراچی وسیم اختر نے بھی بالواسطہ تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ کئی مقامات پر کے ایم سی کی جانب سے کرائے پر دی گئی دکانیں توڑی گئی ہیں۔ملبہ اٹھانے پر کچھ دن مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔گزشتہ روز میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ تجاوزات آپریشن سے متعلق فیصلہ سپریم کورٹ کو کرنا ہے۔ واضح رہے کہ سپریم کورٹ کے حکم پرکراچی میں قائم ایمپریس مارکیٹ میں قائم غیرقانونی دکانوں کو مسمارکردیا تھا۔بعد ازاں تجاوزات کیخلاف آپریشن پورے شہر میں پھیل گیا۔دکانیں، چھجے، مارکیٹیں، فٹ پاتھوں پرتجاوزات ہٹائی گئیں، ایس بی سی اے اورکے ڈی اے نے کئی غیرقانونی تعمیرات مسمارکیں۔کارروائی ہفتہ کو 34ویں روز بھی جاری رہی ۔انسداد تجاوزات سیل کے عملے نے ضلع جنوبی، شرقی، ملیر اور غربی میں کارروائیاں کیں۔ضلع جنوبی میں ایم اے جناح روڈ، کھوڑی گارڈن سمیت دیگر مارکیٹوں سے فٹ پاتھ پر بنی تجاوزات مسمار کی گئیں۔کلفٹن بلاک 4 میں بھی تجاوزات کو مسمار کیا گیا۔ضلع ملیر میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کر کے 143 دکانوں سمیت دیگر تجاوزات مسمار کی گئیں۔ضلع شرقی کےعلاقے پہلوان گوٹھ میں کارروائی کر کے متعدد تجاوزات اور فٹ پاتھ پر بنی 17 دکانیں مسمار کی گئیں۔انسداد تجاوزات کے عملہ کی جانب سے ضلع غربی میں میٹروول اور خیبر چوک پر بھی کارروائی کی گئی۔میٹروول مین روڈ اور قبرستان جانے والی سڑک پر تجاوزات کو گرایا گیا۔اس موقع پر کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پولیس کی بھاری نفری بھی موجود تھی۔ دریں اثنا وزیراعظم عمران خان (آج) اتوار کو ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچیں گے جہاں انہیں تجاوزات کیخلاف جاری آپریشن سے متعلق بریفنگ بھی دی جائے گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More